عیدالاضحی کی تقریب سعید آج نماز عید کے اجتماعات کے انتظامات مکمل، لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جموں وکشمیرمیں آج یعنی17جون بروز پیر عیدالاضحی کی تقریب مذہبی جذبے کیساتھ منائی جارہی ہے ۔اس سلسلے میں عیدگاہوں ، مساجد اورامام باڈوں میں عظیم الشان اجتماعات منعقد ہونے جارہے ہیں۔عید قربان کے حوالے سے پچھلے دو ہفتوں سے شہر اور وادی کے اطراف و اکناف میں قربانی کے جانوروں( بھیڑ بکریوں) کی خرید و فروخت ہوئی۔عید گاہ میں بھیڑوں کی سب سے بڑی منڈی لگی جہاں دن بھر سینکڑوں لوگ بھیڑ بکریاں خریدتے دیکھے گئے۔عید کی خریداری کے سلسلے میں مارکیٹ میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔زیادہ تر رش سنڈے مارکیٹ، بیکری دکانوں اور مرغ فروشوں کی دکانوں پر دیکھا گیا۔وادی بھر میں آج عید کے اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔

 

نما ز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی درگاہ حضرت بل میں منعقد ہورہاہے۔یہاں وقف بورڈنے نمازیوںکی سہولیت کیلئے کئی اقدامات اُٹھائے ہیں ،جن میں تپتی دھوپ کے پیش نظر نمازیوں کیلئے خیمے نصب کرانا بھی شامل ہے ۔تاریخی جامع مسجد سری نگرواقع نوہٹہ میں نماز عید کے اجتماع کو لیکر تذبذب برقرار تھا ۔اُدھر کشمیرکے باقی 9اضلاع بشمول بڈگام ،گاندربل ،بارہمولہ ،کپوارہ ،بانڈی پورہ ،اننت ناگ ،پلوامہ ،کولگام اور شوپیان کے علاوہ جموں ،رام بن ،ڈوڈہ ،بھدرواہ ،کشتواڑ ،راجوری ،نوشہرہ ،پونچھ اور دیگر مقامات پر بھی نماز عیدکے روح پرور اجتماعات منعقد ہورہے ہیں۔موسمی صورتحال بہتر اورخوشگوار رہنے کی وجہ سے نماز عیدکے بیشتر اجتماعات عیدگاہوں اور دوسرے کھلے مقامات پر منعقد ہورہے ہیں ۔ نماز عیدا داکرنے کا سلسلہ پیر کو صبح 6بجے سے شروع ہوگا اور اکثر مقامات پر واقع عیدگاہوں اور دوسری عبادت گاہوں میں نما زعید کے اجتماعات صبح 10بجے تک مکمل ہوجائیں گے اوراسکے بعد لوگ اپنے گھروںمیں سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے اللہ کی رضا اورخوشنودی کیلئے جانوروںکی قربانی دیں گے۔ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عیدالالضحیٰ کے موقعہ پرلوگوں کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ عیدکامقدس دن بے لوث قربانی کی علامت ہے۔ہمیں اس دن بھائی چارے اور اتحاد کومضبوط کرنے کے اپنے عزم کودہراناچاہیے۔عیدہرایک کیلئے امن، خوشی اورمسرتوں کی نوید ثابت ہو۔