حسین محتشم
پونچھ//عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے پونچھ شہر میں قربانی کے جانوروں کی منڈی سج گئی ہیں، لیکن رواں سال جانوروں کی انتہائی بڑھی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے شہری خریداری سے گریزاں ہیں۔گزشتہ سال کے مقابلے میں جانوروں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کے لئے قربانی کا جانور خریدنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ پونچھ شہر خاص میں گورنمنٹ ڈگری کالج کے گرونڈ میں سجائی گئی منڈی میں قربانی کے جانور بڑی تعداد میں لائے گئے ہیں، تاہم خریداروں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں چھوٹے جانوروں بکری اور دنبے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔کئی شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے وہ اب تک جانور خریدنے سے قاصر ہیں،قیمتوں میں اتنا اضافہ ہوا جو عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔شہریوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس سلسلہ میں جانوروں کی قیمتوں کی باضابطہ قیمتیں طے کر کے ایک ریٹ لسٹ جاری کیا جائے تا کہ عید سے پہلے قیمتوں میں کچھ کمی ہو۔ادھر تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ بڑی محنت سے جانوروں کی خدمت کر کے ان کو تیار کرتے ہیں۔انہوں نے کا قربانی کے جانوروں کوتیار کرنے میں ان کے اخراجات بھی بڑھ جاتے ہیں انہوں نے کہا انتظامیہ اگر ریٹ لسٹ جاری کرتی ہے تو وہ اسی کے مطابق جانور فروخت کریں گے۔