لیہہ// امدادِ باہمی اور لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے نے نوبرا وادی میں سکولوں اور ٹرٹیسے دیہات کا دورہ کیا ۔اُن کے ہمراہ ای سی سیاحت سیرنگ سنڈوپ کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی تھے۔بعد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے عوام کی بہبود کے لئے 150 نئی سکیمیں شروع کی ہیں ۔ اُنہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ آگے آکر اِن سکیموں سے فائدہ حاصل کریں۔اُنہوں نے اگلے دو برسوں کے دوران نوبرا وادی کے تمام علاقوں میں بجلی 24 گھنٹے فراہم کرانے کا یقین دِلایا۔ این سی ڈی سی سکیم کے حوالے سے وزیر نے کہا کہ نوبرا علاقے میں ایک جامع بیداری مہم عنقریب چلائی جائے گی تاکہ لوگوں کو سکیم کے فوائد کے بارے میں روشناس کرایا جاسکیں۔ اُنہوں نے کسانوں کو کوآپریٹیو سوسائٹیوںپر زو ر دیا کہ وہ سکیم سے استفادہ کریں۔اس موقعہ پر دیگر افسروں نے بھی خطاب کیا اور مختلف سکیموں کو اُجاگر کیا۔ چیرنگ دورجے نے سُکم پُھک ، ہُنڈر اور پرتا پور کا کل شام دورہ کیا ۔اُنہوں نے پروجیکٹوں کی عمل آوری میں لوگوں کا تعاون طلب کیا۔ اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔