عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے قائد سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر میں پائیدار امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے اور یہاں کے عوام کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے با اختیار بنانے کے لئے معرض وجود آئی ہے اور اس کیلئے پارٹی مسلسل محوِ جدوجہد ہے۔یہ باتیں اْنہوں نے سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ تقریب میں اْوڑی حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے متعدد سیاسی کارکنان نے پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کی۔ پارٹی جوائن کرنے والوں میں جاوید احمد بٹ، نیشنل کانفرنس (این سی ) کے وسیم اکرم، پیپلز کانفرنس کے بلاک صدر غلام رسول نائیکو، اور عبدالقیوم خان شامل ہیں۔نئے ارکان کا خیرمقدم کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’میں تہہ دل سے اپنی پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں اور مجھے امید ہے کہ آپ کی شمولیت سے آپ کے علاقے میں پارٹی کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔‘‘انہوں نے مزید کہا،’’ہمارا بنیادی مقصد جموں و کشمیر میں امن و استحکام، خوشحالی اور تعمیر و ترقی کو فروغ دینا ہے اور یہاں کے عوام کو سیاسی اور معاشی لحاظ سے بااختیار بنانا ہے۔ مل جل کر کام کرکے ہم اس خطے کو خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچانے کے اپنے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔‘‘اس موقعے پر سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، سٹیٹ سیکرٹری، ضلع صدر بڈگام و ترجمان منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر سید فاروق اندرابی، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، انچارج حلقہ انتخاب اوڑی چودھری مشتاق، ضلع جنرل سیکرٹری سید محمود بخاری، ڈی ڈی سی سرینگر کے وائس چیئرمین بلال احمد بٹ، صوبائی صدر ایس ٹی ونگ اْوڑی محمد رفیق بلوٹ، ایس ایم سی کارپوریٹر محمد سلیم بٹ، یوتھ صدر اْوڑی جاوید احمد، اور پارٹی رہنما سید نور الدین اندرابی، اشفاق لون اور پیر محی الدین شامل تھے۔