سرینگر// نیشنل کانفرنس عوام کو درپیش مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور ہماری جماعت ہر سطح پر عوامی مسائل اُجاگر کرنے اور ان کا سدباب کرانے کے اپنے فرائض کو بخوبی انجام دینے کی کوشش کرتی ہے۔ ان باتوں کا اظہار پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود ، عہدیداروں اور کارکنان کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا۔ ساگر نے لوگوں کے مسائل ومشکلات سنے اور ان کا سدباب کرانے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ معاملات اُٹھائے۔ انہوں نے وفود کو بتایا کہ نیشنل کانفرنس آپ کے مسائل و مشکلات سے بخوبی واقف ہے اور اس بات سے بھی باخبر ہے کہ گذشتہ 5برسوں خصوصاً پچھلے دو سالوں کے دوران عوام کا جینا کیسے دوبھر ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس تینوں خطوں کے عوام کی ترجمان جماعت ہے اور ہمیشہ لوگوں کو ہی طاقت کا سرچشمہ مانا ہے۔ اس دوران پارٹی سے وابستہ افراد نے انہیں پارٹی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرنے کے علاوہ ممبرشپ اور عوامی رابطہ مہم کے بارے میں بھی آگاہی دلائی۔ ساگر نے پارٹی لیڈران، عہدیداران اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کیلئے عوام کیساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور لوگوں کے مسائل و مشکلات کو ہر سطح پر اُجاگر کریں۔