یٰسین جنجوعہ
جموں //مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا ہے کہ ملک کے لوگوں نے نریندر مودی کو 400 سے زائد نشستوں کی اکثریت کے ساتھ تیسری بار وزیر اعظم بنانے کا ذہن بنا لیا ہے اور اب یہ پارٹی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا فرض ادا کریں اور خود کو ثابت کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی اور حمایت سے ادھم پور-کٹھوعہ-ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ گزشتہ 10 سالوں میں ملک کے سب سے ترقی یافتہ حلقوں میں سے ایک ہے ۔انہوں نے کہاکہ پارلیمانی حلقے میں ترقی کی رفتار اور شاندار شرح کی وجہ سے پارٹی ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی حاصل کرئے گی ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کو مذکورہ پارلیمانی حلقہ سے امید وار نامزد کئے جانے کے بعد پہلی بار جموں آئے جس کے دوران پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا ۔جیسے ہی ڈاکٹر جتیندر سنگھ کا قافلہ جموں ہوائی اڈے سے باہر نکلا، حامیوں کا ایک بہت بڑا رش تھا جس کے نتیجے میں آدھے گھنٹے سے زیادہ ٹریفک جام رہا۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں، خاص طور پر بھارتیہ جنتا یوا مورچہ (بی جے وائی ایم) کے تمام اضلاع ادھم پور، کٹھوعہ، رام بن، کشتواڑ اور ڈوڈہ کے اراکین نے ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے امیدوار کے اعلان کا جشن منانے کے لئے پٹاخے پھوڑے اور چاروں طرف سے ان پر پھول برسائے۔
گاندھی نگر میں اپنے پارلیمانی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی، قومی صدر جے پی نڈا اور پارٹی ہائی کمان کی ستائش کی کہ انہوں نے تیسری بار لوک سبھا کی نمائندگی کرنے کے لئے ان پر اعتماد کیا ہے۔ انہوں نے پارلیمانی بورڈ کو اپنا نام تجویز کرنے پر جموں و کشمیر بی جے پی قیادت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سب سے بڑھ کر وہ نچلی سطح کے کارکنوں اور خاص طور پر حلقہ کے دور دراز علاقوں کے نوجوانوں کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پہلی پانچ سالہ میعاد سابقہ سالوں کی لاپرواہی اور نقصانات کو پورا کرنے میں صرف کی گئی جس کے دوران اس حلقے کو امتیازی سلوک اور ووٹ بینک کے لحاظ سے ترقی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ دوسری پانچ سالہ میعاد میں ان پروجیکٹوں کو متعارف کرانے کی کوشش کی گئی جو حلقہ میں متعارف کرائے جانے کی فزیبلٹی تھی۔ ان میں ادھم پور میں دیویکا پروجیکٹ، کٹھوعہ میں پہلا انڈسٹریل بائیو ٹیک پارک، ادھم پور اور کٹھوعہ اور ڈوڈہ میں بالترتیب تین مرکزی فنڈڈ میڈیکل کالج، کٹھوعہ اور ادھم پور میں بالترتیب دو پاسپورٹ دفاتر، کے علاوہ ہائی وے پروجیکٹ اور بھدرواہ میں تعمیر اتی عمل شامل تھا ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ پہلی دو مرتبہ کی طرح، تیسری میعاد بھی نوجوانوں کی ترجیحات اور حلقہ کے بڑے شہروں، مقامات کو تعلیم، سیاحت اور تجارت کے لحاظ سے قومی کشش کے طور پر ترقی دینے کے لئے وقف کیاجائے گا ۔اس دوران مہیلا مورچہ کے اراکین، ڈی ڈی سی کے اراکین اور تمام اضلاع کے بزرگ شہری لوگوں کے بہت بڑا ہجوم میں شامل تھے جن کے ساتھ سول سوسائٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔گاندھی نگر میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے پارلیمانی دفتر میں منعقدہ استقبالیہ میں دیگر کے علاوہ جنرل سکریٹری (تنظیم) اشوک کول، ضلع صدر ادھم پور ارون گپتا، ضلع صدر کٹھوعہ گوپال مہاجن، ضلع صدر باشولی،بلور درشن سنگھ، ضلع صدر رام بن راجیشور ٹھاکرکیساتھ ساتھ ڈوڈہ اور کشتواڑ سے پارٹی لیڈران نے بھی شرکت کی ۔