سرینگر//نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ اورممبراسمبلی بیروہ نے حلقہ انتخاب بیروہ میں تعمیر و ترقی کے کاموں کیلئے مزید 2کروڑ 25لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ حلقہ انتخاب کے تینوں بلاکوں کے عہدیداروں کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس میں عمر عبداللہ نے بیروہ میں جاری تعمیر و ترقی کے کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ پارٹی سرگرمیوں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی۔ اجلاس میں پارٹی سے وابستہ عہدیداروں نے اپنے اپنے علاقوں کے عوامی مسائل، مشکلات اور مطالبات کو اجاگر کیا۔ عمر عبداللہ نے اس موقعے پر حلقہ انتخاب میں بجلی ،پانی اور سڑکوں کی تعمیر و تجدید کے علاوہ ایمبولنسوں اور میڈیکل ایڈ کی فراہمی کیلئے 2کروڑ 25لاکھ روپے واگذار کرنے کا اعلان کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے بیروہ میں سوکھ ناگ برج کی تعمیر کا کام منظور کروانے کا بھی وعدہ کیا ، جس پر 18کروڑ روپے تخمینہ لگایا گیا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جس طرح سے میں نے بیروہ بڈگام ماگام روڑ اور آری پاتھن کھاگ روڑ کے علاوہ دیگر عوامی مطالبات کو پورے کیا، اسی طرح سوکھ ناگ پل کی تعمیر کے کام کو منظور کروانے کیلئے وعدہ بند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخابات بیروہ کی ہر لحاظ میں تعمیر و ترقی میرا مشن ہے۔ عمر عبداللہ نے تعمیر و ترقی کو صحیح ڈھنگ میں انجام دینے میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ لوگوں کا اشتراک بھی طلب کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہی سب سے بڑے جج ہوتے ہیں اور عوام ہی کھرے اور کھوٹے میں فرق کرنا جاتے ہیں۔اس موقع پر سیاسی صلح کار تنویر صادق، انچارج کانسچونسی پروفیسر عبدالمجید مجید متو، بلاک صدور اور دیگرعہدیداران بھی موجود تھے۔