جے پور//وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ انہوں نے کبھی ملک کے عوام سے سونے کی چھت اور دو دو گاڑیاں دینے کا وعدہ نہیں کیا لیکن نو کروڑ ٹوائلٹ بنوا دیئے اور کھلے میں قضائے حاجت سے ملک کو پاک کر دیا۔' یہی ہمارے لئے بھارت ماتا کی جے ہے ' ۔ مسٹر مودی نے آج یہاں دوسا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار کی حمایت میں منعقد جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد کانگریس کی سرکاروں کی چار چار نسلیں ملک پر حکومت کر گئیں لیکن انہوں نے کبھی ہماری ان ماں بہنوں کے بارے میں نہیں سوچا ، جن گھروں میں ٹوائلٹ نہیں ہونے کی وجہ سے انہیں سورج نکلنے سے پہلے قضائے حاجت کے لئے باہر جانا پڑتا تھا اور شام کو سورج غروب ہونے کا انتظار کرنا ہوتا تھا۔ نامدار کو تو یہ بھی پتہ نہیں بچیاں اسکول کیوں چھوڑ دیتی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ آزادی کے بعد اتنے ٹوائلٹ نہیں بنے جتنے ہم نے گزشتہ چار برسوں میں بنوا دیئے ۔ مسٹر مودی نے کانگریس کو بدعنوانی کے معاملے پر گھیرتے ہوئے کہا کہ وہ بدعنوانی کے کس کس طرح ہتھکنڈے اپناتی تھی، ہیلی کاپٹر گھوٹالے کا ایک رازدار کو پکڑ کر لایا گیا تو پورا خاندان کانپ رہا ہے کہ پتہ نہیں یہ کس کس کا نام لے ۔انہوں نے کہا کہ کانگریسیوں کے لئے ایک خاندان ہی مکمل ملک ہے جبکہ ہمارے لئے یہاں کی سوا سو کروڑ آبادی ہمارا خاندان ہے ۔