سری نگر//’ گڈ گورننس ہفتہ ‘کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے بدھ کو لسجن میں بلاک دیوس کے موقع پر ایک عوامی شکایات ازالہ کیمپ کا انعقاد کیا ۔شکایات کے ازالے کے کیمپ کے دوران پی آر آئی کے مقامی نمائندوں، عوامی وفود اور افراد نے ڈپٹی کمشنر کے سامنے مختلف مسائل اور مطالبات پیش کئے۔ ڈی سی نے عوام کی شکایات اور مطالبات سننے کے بعد کیمپ کے دوران موجود متعلقہ ضلعی افسران سے موقع پر ہی جواب طلب کیا۔ڈی سی نے کہا کہ سالڈ ویسٹ کے مسائل کو کم کرنے کے لیے ایک جامع سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ تیار کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ لسجن بلاک کو ایک سالڈ ویسٹ کلیکشن وین فراہم کر رہی ہے تاکہ اسے سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنرنے گنگ بگ کا دورہ کیا اور ڈی واٹرنگ اسٹیشن کے لیے شروع کیے گئے کام کے سلسلے میں مقامی وفد کی طرف سے اٹھائے گئے ترقیاتی مسائل کا خود جائزہ لیا۔اس موقع پر مقامی لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی سی نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی خدشات کو جلد از جلد دور کیا جائے گا۔ انہوں نے متاثرہ مکان مالکان کو یقین دلایا کہ ان کے مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کے مد میں انہیں مناسب معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ڈی سی نے متعلقہ ایگزیکیو ایجنسیوں کو علاقے میں ڈی واٹرنگ سٹیشن کے لیے اٹھائے گئے کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ تمام رسمی کارروائیاں مکمل کریں اور منصوبے پر دوبارہ کام شروع کریں۔