اننت ناگ// وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کا سنیچر کو اننت ناگ میں عوامی دربار لگا۔پی ڈی پی نائب صدر اور سابق اسپیکر محمد سرتاج مدنی ،وزیر برائے مال عبدالرحمان ویری، وزیر مملکت برائے حج و اوقاف سید فاروق اندرابی، قانون ساز اسمبلی اراکین موجود تھے۔ویری ناگ اور کوکر ناگ سے آئے وفود نے وائلو سنگھ پورہ ٹنل کی تعمیر کے مرکزی حکومت سے منظوری حاصل کرانے کے لئے محبوبہ مفتی کا شکریہ اداکیا۔یہ ٹنل ضلع کو ایک مختصر راستے کے ذریعے وادی چناب سے ملائے گی۔ ڈورو سے آئے وفد نے قصبہ کو ماڈل ہسپتال فراہم کرنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔کوکر ناگ اور یری ناگ سے آئے متعدد وفود نے لارنو کھیرتی اور ہبائی میں کھیل میدان اور علاقے میں آئی ٹی آئی قائم کرنے کی مانگ کی۔ انہوں نے چند مقامی نوجوانوں کے خلاف درج کئے گئے ایف آئی آر واپس لینے کی بھی مانگ کی۔برنگ سے آئے وفد نے کوکر ناگ میں آفس کمپلیکس تعمیر کرنے، مقامی واٹر سپلائی سکیم کے لئے معقول رقم فراہم کرنے اور مرگن ٹاپ اور دیگر علاقوںکو سیاحتی نقشہ پر لانے اور وہاں ہل پارک قائم کرنے کی مانگ کی۔ وفد نے کچھون۔ متی گاؤرن علاقوں میں موبائل ٹاور نیٹ ورک قائم کرنے کے علاوہ سوگام یاکوکر ناگ میں آئی سی ڈی ایس بلاک قائم کرنے کی بھی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے سیاحوں کی دلچسپی کے لئے ہل پارک تعمیر کرنے کے لئے 10 لاکھ روپے واگذار کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔چک اشرداس سے آئے وفد نے علاقے میں پینے کے پانی کی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے اور علاقے میں گرلز مڈل سکول قائم کرنے کی وزیر اعلیٰ سے مانگ کی۔محبوبہ مفتی نے علاقے میں پینے کے پانی کی ترسیلی سہولیات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے40 لاکھ روپے واگذار کرنے کی ہدایت دی۔برنٹی بٹہ پورہ اننت ناگ کے وفد نے علاقے میں پینے کے پانی کی سپلائی میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے اچھہ بل اری گیشن کنال پر تجاوزات ہٹانے ،مقامی ویٹرنری یونٹ کو چالو کرنے اور مقامی ہائی سکول کی اَپ گریڈیشن کا مطالبہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے علاقے میںپینے کے پانی کی سہولیات میں بہتری لانے کے لئے15 لاکھ روپے کی واگذاری کی ہدایت دی۔شانگس کے اندو ، پشرو اور نوگام علاقوں کے وفد نے کھندرو میں ایمنیشن ڈمپ کی اراضی کے کرایہ میں اضافہ کرنے ، کاچو سے نوگام تک سڑک کی اَپ گریڈیشن ،پینے کے پانی کی سپلائی میں بہتری لانے کا مطالبہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے ان دیہات میں پینے کے پانی کی تقسیم کاری میںبہتری لانے کے لئے 15لاکھ روپے کی واگذاری کا اعلان کیا۔ شانگس کے دیتھو، کوٹھیار علاقوں سے آئے وفد نے مقامی ہائی سکول کا درجہ بڑھانے کے علاوہ علاقے میں پینے کے پانی اور صحت سہولیات میں بہتری لانے کی مانگ کی۔وزیرا علیٰ نے علاقہ میں پینے کے پانی کی تقسیم کاری میں بہتر ی لانے کے سلسلے میں 20لاکھ روپے کی واگذاری کا اعلان کیا۔ بجبہاڑہ سے آئے وفد نے مقامی ہسپتال کی بروقت تکمیل کی مانگ کی۔ انہوں نے مقامی نوجوانوں کے لئے آئی ٹی آئی اور قصبہ کے لئے فلٹریشن پلانٹ کی تعمیر و تنصیب کی بھی مانگ کی۔ اس کے علاوہ قصبہ میں جہلم کے کناروں کی دیدہ ذیبی کے کاموں میں سرعت لانے اور مرچھی نہر کی صفائی اور شاہ جو نہر کی پختہ لائننگ کی تعمیر کی بھی مانگ کی۔وزیر اعلیٰ نے اسپتال کے لئے 10لاکھ روپیہ اور ڈپٹی کمشنر کو دریاؤں کے کناروں اور آبگاہوں سے تمام ناجائیز تجاوزات ہٹانے کے لئے مہم شروع کرنے کے لئے کہا۔پہلگام سے آئے ہوئے وفود نے علاقے میں ایک کالج کے قیام ، مقامی طبی مرکز کو ترقی دینے اور پینے کے پانی کی سہولیات کا مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے قصبے میں 11 ناکارہ پڑی واٹر سپلائی سکیموں کو کار آمد بنانے کے لئے 30لاکھ روپے کی واگزارکی کا اعلان کیا۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کو ہدایت دی کہ وہ بلڈنگ پرمشن کمیٹی کی میٹنگیں منعقد کر کے علاقے کے لوگوں کو سہولیت فراہم کریں۔ ہاپت نار پہلگام کے وفد نے دھچتی پورہ اور کھوور پورہ واٹر سپلائی سکیموں کے لئے رقومات میں اضافہ، پی ایچ سی سلر عشمقام کا درجہ بڑھانے کا مطالبہ کیا۔ہوم شالی بگ کے وفد نے نندی نہر کی صفائی کروانے ، جبلی پورہ میں لفٹ اری گیشن سکیم کومعرض وجود میں لانے ،آرونی میں ڈسپنسری کے قیام اورپی ایچ سی اورن ہال میں عملے کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے نندی نہر کی صفائی کیلئے 15لاکھ روپے کی واگذاری کا اعلان کیا۔ قاضی گنڈ کے کئی وفود نے ٹراما ہسپتال میں عملے کے معرض وجودمیں لانے ، پانزتھ چشمہ کی صفائی اور دیدہ ذیبی ، قصبے میں گرلز کالج کے قیام اور ایک کھیل کے میدان کی تعمیر کا مطالبہ کیا۔ میر بازار کے وفد نے مقامی پی ایچ سی کو استحکام بخشنے ، میر بازار ۔ اشاجی پورہ سڑک کو وسعت دینے اور ساڑورا اور پھنا ہ ہائی سکولوں کی اَپ گریڈیشن کا مطالبہ کیا۔ انہوںنے پی ایچ سی ویسو کو فوری طور محکمہ صحت کے سپرد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ اوقاف کمیٹی صوفی پورہ ، ولر ہامہ کے وفد نے مقامی امام باڑہ میں جاری کام کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مطالبہ کیااور وزیر اعلیٰ نے موقعہ پر ہی اس مقصد کیلئے 10لاکھ روپے کی واگزاری کی ہدایت دی۔مائیگرنٹ ملازمین ، ویسو کے باشندگان اور مٹن پنڈت کالونی شانگس، چھتر گل، برنڑی، نوگام، شاہ آباد ہلر ، سلی گام کے وفود نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات کی فہرست پیش کی۔وزیر اعلیٰ نے دن بھر وفود کے مطالبات بغور سُنے۔ کئی معاملات میں محبوبہ مفتی نے موقعہ پر ہی لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا جن کی وفود نے کافی سراہنا کی۔ضلع میں قیام کے دوران وزیر اعلیٰ پہلگام کا بھی دورہ کریں گی جہاں مختلف ترقیاتی پروگراموں کا جائیزہ لینے کے علاوہ لوگوں کے مسائل سے بھی واقفیت حاصل کریں گی۔