عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے مینڈھر سب ڈویژن کے ناڑ گاؤں میں ایک اہم سول سوسائٹی اجلاس کا انعقاد کیا، جس کا مقصد مقامی آبادی سے روابط مضبوط بنانا اور علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کرنا تھا۔ اس اجلاس نے فوج کو ایک موقع فراہم کیا کہ وہ عوامی مسائل سن سکے اور مشترکہ امن و امان کی کوششوں کو فروغ دے۔اجلاس کے دوران حالیہ ’’آپریشن سندور‘‘ کے بعد حفاظتی چوکسی بڑھانے پر زور دیا گیا، خاص طور پر شام کے بعد نقل و حرکت پر پابندیوں کو لازمی قرار دیا گیا، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔مکئی کے سیزن کے اثرات اور اس کے دوران ممکنہ سیکورٹی خدشات پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ خراب موسمی حالات اور ان کے باعث سیکورٹی فورسز کی نقل و حرکت میں آنے والی رکاوٹوں پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں مقامی نوجوانوں میں بڑھتی منشیات کی لت اور غیر مجاز طور پر جنگلاتی علاقوں میں داخل ہونے کے رجحان پر گہری تشویش ظاہر کی گئی، جسے سیکورٹی کے لئے خطرہ قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ مشتبہ سرگرمیوں کی تاخیر سے اطلاع دینا ایک اہم مسئلہ کے طور پر سامنے آیا۔فوج نے مقامی لوگوں پر زور دیا کہ وہ مستعدی کے ساتھ اپنی ذمہ داری ادا کریں اور کسی بھی مشکوک حرکت کی فوری اطلاع دیں، تاکہ اجتماعی طور پر علاقے کو محفوظ رکھا جا سکے۔ مقامی لوگوں نے اس اقدام کو سراہا اور فوج کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔