لیہہ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو لداخ کے دو روزے پر ہیں،نے کہا ہے کہ اُن کی سرکا ر کا عزم ریاست کے مختلف خطوں اور لوگوں تک پہنچنا ہے۔انہوںنے کہا کہ لداخ کو ریاست میں ایک اہم مقام حاصل ہے کیونکہ یہ ریاست کو پورے وسط ایشیا سے جوڑ تا ہے۔آج شام لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے ایک خصوصی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکار ریاست کے ہرخطے اور جگہ تک پہنچنے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے تاکہ ریاست کو درپیش مشکلات کا حل نکالا جاسکے ۔انہوںنے کہا کہ اب جب کی عالمی سطح پر رسل و رسائل کے بہتر ذرائع کی وجہ سے دور یاں کم ہو رہی ہیں بھی ایک دوسرے تک پہنچ کر ریاست کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنانا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اُن کی سرکار کسی خطے یا طبقے کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دے گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ راستوں کو کھولنے کے حق میں ہیں تاکہ ریاست کو دوسرے خطوں کے ساتھ جوڑا جاسکے اور اقتصادی مواقع اُبھر سکیں۔انہوںنے کہا کہ وہ لیہہ کے راستے کیلاش مانسرور یاترا شروع کرنے کے حق میں ہیں تاکہ علاقہ میں سیاحت اور اقتصادیات کو بڑھاوا مل سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ قدیم وسط ایشیائی راستے جیسے یارقند اور زنجیانگ کو کھولنے کی متمنی ہے۔کیونکہ ان راستوں کو کھولنے سے نہ صرف خطے کو دوسرے خطوں سے جوڑا جاسکتا ہے بلکہ وسط ایشیا کے بڑے بازاروں سے بھی جوڑا جاسکتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خطہ آپسی رواداری کو بنائے رکھنے میں صدیوں سے جاناجاتا ہے۔انہوں نے عوام کو رواداری بنائے رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے مختلف خطوں کے عوام کے مابین زیادہ سے زیادہ تبادلہ خیال اور زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی سرکار ریاست کوباہری دنیا کے ساتھ جوڑنے کے لئے لداخ خطے کو ایک گیٹ وے کے طور فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ میں سیاحت کی کافی گنجائش موجو د ہے جسے بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ پہاڑی کونسل کو درپیش کا معاملات کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے بادل پھٹنے کے سلسلے میں کونسل کے رُکے پڑے واجبات کی ادائیگی کے معاملے کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ زوجیلہ ٹنل پر کام بہت جلد شروع کیا جائے گااور اس پروجیکٹ میں حائل اڑچنوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ خطے میں سڑکو ں کی میکڈامائزیشن کی بنیادی ڈھانچے کو مزید فروغ دینے کے لئے معقول رقومات واگذار کی جائیں گی۔اس سے قبل اپنے خطاب میں کونسل کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر ڈاکٹر سونم دوا نے سخت سردی کے باوجود خطے کا دورہ کر نے پر وزیرا علیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ریاست کے تینوں خطوں کی بہبود کے وزیر اعلیٰ کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔اس موقعہ پر قانون ساز کونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی ، وزیر تعلیم نعیم اختر ، لداخ امور کے وزیر چیرنگ دورجے ، چیئرمین پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ پرسنا راما سوامی ، ایس پی لیہہ ادھے باسکر اور دیگر سینئر افسران بھی وموجود تھے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے خطے میں کئی سیاحتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ افتتاح بھی کیا۔