جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کی عوام اور مرکزی جامع مسجد کی کمیٹی کے اراکین نے مرکزی جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں بس اڈے کے قریب دس مرلہ وقف اراضی کو دوبارہ اپنی تحویل میں لے لیا۔یہ اراضی پہلے بھی ایک مذہبی درسگاہ کے لئے وقف تھی، لیکن کچھ سال قبل محکمہ اوقاف نے اس پر اپنی تحویل قائم کر لی تھی تاہم، مقامی عوام نے امام جامع مسجد کی رہنمائی میں موقع پر پہنچ کر زمین کو دوبارہ اپنی تحویل میں لیا اور وہاں ایک شیڈ کی تعمیر کی۔عوام نے خبردار کیا ہے کہ اس اراضی کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ زمین مذہبی درسگاہ کے نام پر وقف ہے اور اسے کسی اور مقصد کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مرکزی جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا محمد سلطان نقشبندی نے اس موقع پرکہاکہ ’’یہ زمین مدرسے کے لئے وقف ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ اگر کسی نے اس زمین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی کوشش کی، تو حالات سنگین ہو سکتے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی اراضی کے تحفظ کے لئے عوام کو متحد ہونا ہوگا اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری مداخلت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔عوام اور کمیٹی کے اراکین نے واضح کیا کہ زمین کو صرف دینی مقاصد کے لئے استعمال کیا جائے گا اور کسی اور مقصد کے لئے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔