محتشم احتشام
پونچھ//عوامی وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کی ایک اور مثال قائم کرتے ہوئے ایم ایل اے حویلی اعجاز احمد جان نے طویل عرصے سے زیرِ التوا چنڈک منڈی روڈ پر تارکول بچھانے کے کام کا باضابطہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے اپنے محبوب عوامی نمائندے کا پْرجوش استقبال کیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی امتیاز میر، جے ای صاحبان، اور علاقہ کی معزز شخصیا باغ حسین رٹھور، شہزاد خان، خواجہ عبدالرزاق ، مبشر حسین بانڈے سابق سرپنچ سمیت دیگر شہری بھی موجود تھے۔روایت کے مطابق اعجاز احمد جان نے افتتاحی ربن خود کاٹنے کے بجائے علاقے کی ایک بزرگ شخصیت کے ہاتھوں افتتاح کروا کر اپنی انکساری اور عوامی وابستگی کی ایک خوبصورت مثال پیش کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے حویلی نے کہا کہ پورے حلقہ حویلی میں سڑکوں کا جال بچھانے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا۔ گزشتہ دس برسوں سے خستہ حال سڑکوں کی مرمت اور تارکول بچھانے کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے تاکہ آنے والے موسمِ سرما میں عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مزید 54 لاکھ روپے کی رقم جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ 9.80 کروڑ روپے کی خطیر رقم وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ سے منظور کرائی جا چکی ہے۔ اس رقم سے چنڈک منڈی روڈ کو ماڈل روڈ میں تبدیل کیا جائے گا، جس میں نالیوں کی تعمیر اور نکاسی آب کا جدید نظام شامل ہوگا۔انہوں نے یقین دلایا کہ موسمِ سرما کے بعد یہ ترقیاتی مرحلہ تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ لورَن اور ساوجیاں کی سڑکوں پر بھی تارکول بچھانے کا عمل شروع کرنے کا وعدہ کیا، تاکہ گزشتہ برسوں میں عوام کو پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔ایم ایل اے نے مزید بتایا کہ چنڈک منڈی روڈ کے ساتھ ساتھ بلاک ساتھرہ میں بھی ترقیاتی عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس میں ساتھرہ تا لوئر بانڈی کماخان، ساتھرہ تا اپر بانڈی کماخان، اور جامع مسجد مولا علی چنڈک کی اپروچ روڈ پر بھی تارکول بچھانے کے کاموں کو ہری جھنڈی دکھائی گئی ہے۔ عوام نے ایم ایل اے اعجاز احمد جان کے اس اقدام کو ’عوامی خدمت کا عملی مظہر‘ قرار دیتے ہوئے اْن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے اپنے انتخابی وعدوں کو پورا کر کے عوامی اعتماد پر پورا اترنے کی شاندار مثال قائم کی ہے۔