سرینگر// نیشنل کانفرنس کے کارگزار صدر عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ عوامی شکایات کا ازالہ کرنا اور لوگوں کو تمام لازمی خدمات میسر رکھنا حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہئے ۔ انہوں نے افسران سے تاکید کی کہ وہ ممبرانِ قانون سازیہ کا عزت و احترام اور وقار بنائے رکھیں، کیونکہ اسمبلی ممبر عوامی نمائندہ ہوتا ہے اور ایم ایل اے کے کام میں کسی بھی قسم کا سیاسی یاحکومتی اثر ورسوخ حائل نہیں آنا چاہئے۔عمر عبداللہ بڈگام میں ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے، جس میں این سی کے ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ(ایم ایل اے بڈگام) ، آغاسید محمود(ایم ایل سی)، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اور مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ معزز شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میٹنگ میں بیروہ اور بڈگام کے لوگوں کے مسائل ومشکلات کے علاوہ زیر تعمیر ترقیاتی پروجیکٹوں اور عوامی مطالبات ،شکایات و حکایات کو اجاگر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو یہ بات یقینی بنانی چاہئے کہ ایم ایل اے کے کام میں بے جا حکومتی مداخلت نہ ہو۔ عمر عبداللہ نے انتظامیہ سے تاکید کی کو بیروہ، ماگام اور بڈگام روڑ پر جاری کام میں سرعت لائیں ۔عمر عبداللہ نے سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو بہتر سے بہتر تعلیم پہنچانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ بچے ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور انہیں تعلیم کے نور سے منور کرنے سے ہی ریاست کا مستقبل بھی روشن بنے گا‘۔ میٹنگ میں عمر عبداللہ کے صلح کار تنویر صادق اور انچارج کانسچونسی بیروہ پروفیسر عبدالمجید متو بھی تھے۔