عظمیٰ نیوز سروس
جموں// زراعت، دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر جاوید احمد ڈار نے جموں و کشمیر میں عوامی مسائل کے بروقت اور مؤثر حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے سول سیکریٹریٹ جموں میں مختلف عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پْرعزم ہے اور عام لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ جاوید ڈار نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے پْرعزم ہے اور عوام کو دفتروں میں شنوائی کے دوران ہمدردانہ رویہ اور ان کے مسائل کا خوش اسلوبی سے حل فراہم کیا جائے گا۔ وزیر نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں اور مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور زراعت، دیہی ترقی اور عوامی خدمات سے متعلق امور پر رہنمائی فراہم کی۔ جاوید ڈار نے عوامی مسائل کے بروقت حل کے لیے افسران کو شفافیت، جوابدہی اور تیز رفتاری کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ وزیر سے ملاقات کرنے والے وفود میں جموں کے صوبائی صدر رتن لال گپتا کی قیادت میں سیاسی وفود، ملازمین کے نمائندے، سول سوسائٹی کے اراکین، نوجوانوں اور دیگر مختلف شعبوں اور اضلاع کے افراد شامل تھے۔