عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیراعلیٰ سریندرکمار چودھری نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے ازالے کے لئے ایک مؤثر طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پردُور کرنے اور ترقیاتی اَقدامات میں تیزی لانے کو یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اَفسران کو ضروری ہدایات پہلے ہی جاری کی جاچکی ہیں۔اِن باتوں کا اِظہار نائب وزیر اعلیٰ نے متعدد وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔وفود نے اَپنے اَپنے علاقوں اور خدمات سے متعلق مسائل کو اُجاگر کیا۔نیشنل یوتھ کارپس کے وفد نے اُن کی خدمات کو مستقل کرنے اور خدمات سے متعلق دیگر مسائل اُٹھائے۔کشمیری پی ایم پیکیج کے اُمیدواروںکے ایک وفد نے ریزر و زمرہ کی خالی اَسامیوں کے حقدار ہونے کا مطالبہ کیا۔ضلع ڈوڈہ کے نیشنل ہیلتھ مشن کے ملازمین کی ڈیپوٹیشن نے بہتر سروس شرائط کے علاوہ محنتانہ میں اِضافے کی درخواست کی۔سینک کالونی کے رہائشیوں کے ایک وفدنے سینک کالونی کے آس پاس کی بہتری کے علاوہ لنک سڑکوں کی مرمت کا مطالبہ کیا۔ممبران اسمبلی، سابق سرپنچوں، مختلف علاقوں کے اِفراد نے بھی نائب وزیر اعلی سے ملاقات کی اور اَپنے متعلقہ حلقوں اور علاقوں کی ترقی سے متعلق اور دیگر مسائل کو پیش کیا۔نائب وزیرا علیٰ نے وفود کو یقین دِلایا کہ وفود اور اَفراد کی جانب سے پیش کردہ مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے گا۔