عظمیٰ نیوز سروس
جموں//ادھم پور-ڈوڈہ لوک سبھا سیٹ کے لئے وائس چیئرمین اور ڈیموکریٹک پارٹی (ڈی پی اے پی) کے امیدوار جی ایم سروڑی کا رام نگر، ادھم پور اور کٹھوعہ کے دوروں کے دوران ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اپنے دورے کے دوران سروڑی نے پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کے ساتھ بات چیت کی، اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ٹھوس کوششیں کرنے کی تلقین کی گئی۔ انہوں نے ادھم پور-ڈوڈہ خطے کے حلقوں کی امنگوں اور خدشات کو دور کرنے کے لئے اپنی لگن کا اعادہ کیا۔موصوف نے قومی سطح پر عوام کے لئے ایک مضبوط آواز بننے کا وعدہ کرتے ہوئے، جامع ترقی، سماجی انصاف، اور ذمہ دار حکمرانی کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
سروڑی نے مذہبی اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے ترقیاتی ایجنڈوں اور کارکردگی کے ریکارڈ پر انتخاب کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ امیدواروں کی ترقی کے عزم، جامع ترقی اور خطے کو درپیش اہم مسائل کو حل کرنے کے ٹھوس نتائج کی بنیاد پر جائزہ لیں۔ سروڑی نے کہا کہ ’’میں عوامی مسائل کو اٹھانے اور مذہب یا ذات پات کے تعصب کے بغیر لوگوں کی خدمت کرنے میں یقین رکھتا ہوں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ ’’ایم ایل اے اور وزیر کے طور پر میرے دور میں، میری توجہ ہمیشہ ایسے ترقیاتی کاموں پر رہی ہے جس سے معاشرے کے تمام طبقوں کو فائدہ پہنچے‘‘۔ انہوں نے تقسیم مذہبی یا تفرقہ انگیزی میں ملوث ہونے کے بجائے میرٹ اور عوامی ضرورت کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی پروگراموں کو ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’میں غلام نبی آزاد کی مثالی لگن سے لوگوں کی خدمت کرنے اور پارلیمنٹ میں ان کی آواز بلند کرنے سے متاثر ہوں،ان کی طرح میں بھی پسماندہ لوگوں کے تحفظات کو ترجیح دوں گا اور ان کی بہتری کے لئے انتھک محنت کروں گا۔‘‘