سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمدخان کی صدارت میں آفیسران کی ایک میٹنگ کے دوران اُن شکایات کے فوری حل کے لئے کئے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا گیا جو کہ وزیر اعلیٰ کی شکایتی سیل کی طرف سے موصول ہورہی ہیں۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سرینگر،جوائنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن پی ڈی ڈی،پی ایچ ای اورآر اینڈ بی کے انجینئران ،آبپاشی وفلڈکنٹرول ،یو ای ای ڈی ،ہیلتھ سروسز خوراک امور صارفین وعوامی تقسیم کاری ،ایس ایم سی ،آر ڈی ڈی،یو ایل بی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ کے علاوہ دیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے جب کہ لیہہ اورکرگل سمیت وادی کے ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔اس موقعہ پر تمام ترقیاتی کمشنروں نے وزیرا علیٰ شکایتی سیل کی طرف سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کی تعداد اور ان کے ازالہ کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ کے دوران ویب پورٹل،ہیلپ لائین نمبرات اور دیگر ذرائع سے موصول ہونے والی شکایات کے حل کے لئے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں کے دفاتر اورتمام سرکاری محکموں میںنوڈل آفیسران نامزد کرنے کی ہدایت دی جوکہ عوامی شکایات کے ازالہ کے سلسلے میں کئے جارہے اقدامات کاجائزہ لیں گے۔یہ نوڈل آفیسران وزیر اعلیٰ کی شکایتی سیل سے وصول ہونے والی شکایات،اُن کی نوعیت،تاریخ اور ازالہ کے سلسلے میں کئے گئے اقدامات کا پورا ریکارڈ درج کریںگے نوڈل آفیسران شکایتوں کے مقررہ وقت میں ازالے کو بھی یقینی بنائیںگے۔صوبائی کمشنر نے اس سلسلے میں ہفتہ وار اور پندرہ دنوں کے اندر اندر رپورٹ تیار کرنے اور اسے صوبائی کمشنر کے دفتر بھیجنے کی ہدایت دی۔انہوں نے آفیسران کو عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے لئے شفافیت او رتن دہی کے ساتھ کام کرنے پر زوردیا۔