اننت ناگ//صوبائی کمشنر کشمیر بصیرا حمد خان نے کل ڈاک بنگلہ اننت ناگ میںمنعقدہ ایک میٹنگ کے دوران وزیر اعلیٰ کی طرف سے 11نومبر کو عوامی دربار کے دوران دی گئیں ہدایات عمل آوری اورپیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے صوبائی کمشنر کو ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے وزیر اعلیٰ کی طرف سے جاری کی گئیں ہدایات کی عمل آوری کے بارے میں جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ عوامی دربار کے دوران 319ہدایا ت دی گئیں جن میں سے اب تک 11ہدایات پر عملدر آمد کیا گیا جب کہ دیگرہدایات پر عمل آوری کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں مختلف کاموں کے لئے 4.90کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔باقی ماندہ کاموں کے سلسلے میں ڈی پی آر تیارکی جارہی ہے۔مختلف زیارت گاہوں کی مرمت وغیرہ کے کام کا جائزہ لینے کے دوران انہوںنے محکمہ سیاحت کو فوری طور ڈی پی آر کو حتمی شکل دینے پر زوردیاتاکہ پروجیکٹوں پر کام شروع کیا جاسکے۔جموںوکشمیر بنک کے نمائندوں نے کہا کہ بدسگام ،تھاجوارہ،وائی کے پورہ اور ولرہامہ میںبنک شاخوں کے قیام کے لئے سروے جاری ہے اوریہاں ایک ماہ کے اندر اندر گنجائش کے تحت بنک شاخیں قائم کی جائیں گی۔میٹنگ کے دوران دیگر ہدایات کی عمل آوری اورپیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔