سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آفیسران کی ایک میٹنگ طلب کرکے وادی کے تعلیمی اداروں میں کام کاج کاجائزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر،ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر،ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ،ڈائریکٹر سکو ل ایجوکیشن،ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن اور سرکاری ہائر سیکنڈری سکولوں اورکالجوں کے پرنسپلوں کے علاوہ دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔جب کہ تمام ترقیاتی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔سکولوں اورکالجوں میں درس وتدریس کاتقدس قائم رکھنے کےلئے صوبائی کمشنر نے وادی کے تمام پرنسپل صاحبان پر تعلیمی اداروں میںپرامن ماحول یقینی بنانے کی ہدایت دی۔انہوںنے کہا کہ پوری فیکلٹی کو باقاعدگی کے ساتھ طلبا¿ کی کونسلنگ کرنی چاہیے تاکہ تعلیمی اداروں میں سازگار اورتعلیم موافق ماحول قائم ہوسکے۔ انہوںنے کہا کہ اساتذہ کو چوکس رہنا چاہیے اوروہ اپنے اداروں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کے ذمہ دار ہوں گے۔ صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام سکولوں کی درجہ بندی کریں مثلاً نارمل،حساس یا انتہائی حساس سکول اور ایک سکارڈ تشکیل دے کر وادی کے تمام اداروں کا باقاعدگی کے ساتھ معائنہ کرکے وہاں کی صورتحال سے متعلق رپورٹ تیا رکرنے کے بعد اسے صوبائی کمشنر کے دفتر میں پیش کی جائے اور اگر کسی بھی ادارے کا پرنسپل یا استاد اس حکمنامے کی تکمیل میں لیت ولعل میںملوث پایا گیا تو اسے فوری طور معطل کیا جائے گا۔اُدھر صوبائی کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنروں کو بلاک،تحصیل اور ضلع سطح پر عوامی درباروں میں آفیسران،والدین ،اساتذہ ،معزز شہریوں اور غیر سرکاری تنظیموں کے رضاکاروں کو شامل کرنے کی ہدایت دی تاکہ تعلیمی اداروں میں امن کا ماحول قائم ہوسکے۔انہوںنے مزید کہا کہ ان عوامی درباروں کے دوران لوگوں کی ترقیاتی مانگوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرکے ان کے حل کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیں۔