عظمیٰ نیوز سروس
کولگام// اننت ناگ راجوری لوک سبھا حلقہ کے ممبر پارلیمنٹ میاں الطاف احمد لاروی نے منگل کو منی سیکرٹریٹ کولگام کے کانفرنس ہال میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کوآرڈی نیشن اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی (DISHA)کی میٹنگ کی صدارت کی۔یہ میٹنگ ضلع میں مرکزی اسپانسر شدہ مختلف سکیموں اور ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ اور پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے بلائی گئی تھی۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی کولگام ایم افضل،ممبراسمبلی کولگام ایم وائی تاریگامی،ممبراسمبلی دیوسر پیرزادہ فیروز احمد شاہ میٹنگ میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر کولگام اطہر عامر، ایس ایس پی کولگام ساحل سرنگل سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی میٹنگ میں شرکت کی۔ ضلع ترقیاتی کمشنر اطہر عامر خان نے ایک پاورپوائنٹ جائزہ پیش کیا، جس میں فلیگ شپ اسکیموں جیسے کہ MGNREGA، جل جیون مشن (JJM)، PMGSY، PMAY-G اور مختلف سماجی اسکیموں اور پروگراموں کے تحت کامیابیوں کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا ایم جی نریگا کے تحت مالی سال 2024-25 کے دوران کل 58,709جاب کارڈ جاری کیے گئے ہیں، جس سے 26.62لاکھ دن روزگار کے پیدا ہوئے ۔PMAY-Gکے تحت 5,881مکانات کے ہدف کے مقابلے میں 5,345 مکمل ہو چکے ہیں۔ مزید برآں، PMAY-Gسروے 2.0 کے تحت کل 21,245گھرانوں کا سروے کیا گیا۔جل جیون مشن کا جائزہ لیتے ہوئے ایم پی نے پینے کے صاف پانی تک 100 فیصدگھریلو رسائی حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اور افسران پر زور دیا کہ وہ عملدرآمد میں معیار کو برقرار رکھیں۔بنیادی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام غیر منسلک بستیوں کو پی ایم جی ایس وائی کے تحت معیاری روڈ نیٹ ورکس کے ذریعے منسلک کیا جائے۔انہوں نے حکومت کی فلاحی اسکیموں کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کے لیے عوامی بیداری مہم کو تیز کرنے پر بھی زور دیا۔ایم پی نے بغیر کسی رکاوٹ کے عوامی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال اور دیگر اہم محکموں میں عملے اور آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دہرایا کہ منریگا دیہی روزگار پیدا کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے فضلہ کو سائنسی طریقے سے جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے پر زور دیا۔میٹنگ کے دوران ایم پی میاں الطاف نے ایم ایل ایز اور عہدیداروں کی طرف سے اٹھائے گئے مشوروں اور مطالبات کو غور سے سنا اور ضلع کی ہمہ جہت ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔