محمد تسکین
بانہال//نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر اور ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین نے سب ڈویژن بانہال اور رامسو کے آفیسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں برفباری سے پیدا ہوئی صورتحال کے بعد عوامی مسائل کا جائزہ لیا گیا۔اس میٹنگ میں ایس ڈی ایم بانہال رضوان اصغر ، ایس ڈی پی او منجیت سنگھ ، ایگزیکٹیو انجینئر محکمہ تعمیرات عامہ ڈویژن بانہال خالد محمود قریشی ، تحصیلدار بانہال ، کھڑی ، محکمہ بجلی ، محکمہ جل شکتی ، فائر اینڈ ایمرجنسی، محکمہ زراعت، محکمہ باغبانی، محکمہ حیوانات کے افسر اور اہلکار موجود تھے۔ اس موقع پر سجاد شاہین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے انتھک محنت کرکے بجلی ، سڑک اور پانی کی سپلائر کو ریکارڈ مدت میں بحال کرکے سابقہ روایات کو توڑ دیا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ برفباری کے دوسرے ہی دن نیل اور مہو کی دور سڑکوں سے برف صاف کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب بانہال اور گول میں آئندہ کی برفباری سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی طے کی گئی ہے اور مشینری کو ممکنہ برفباری سے پہلے ہی دور دراز کی سڑکوں پر تعینات کیا جائیگا تاکہ کسی بھی طرح کی عوامی سروس متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے فنڈ سے برف صاف کرنے کیلئے گاڑیوں کے آگے بلیڈ اور کٹر وغیرہ لگانے کیلئے رقم واگذار کرینگے تاکہ بانہال میں میکینکل ڈویژن بننے سے پہلے ان عارضی انتظامات کے زریعے سڑکوں کو آمدورفت قابل رکھا جائے۔ سجاد شاہین نے بحالی کا کام انجام دینے والی سب ڈویژنل انتظامیہ اور فیلڈ ٹیموں کو حالیہ برفباری کے دوران یوٹیلیٹی سروسز بالخصوص دور دراز علاقوں میں فوری طور پر سڑکوں اور بجلی کو بحال کرنے پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے مشکل حالات میں ان کی لگن اور محنت کا اعتراف کیا اور آنے والے دنوں میں اس رفتار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے حالیہ برف باری کے دوران ضروری خدمات کی بحالی میں انتظامیہ اور فیلڈ سٹاف کی کوششیں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سبھی الرٹ اور متحرک رہیں کیونکہ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں مزید برفباری کی پیشنگوئی کی ہے۔ ممبر اسمبلی بانہال حاجی سجاد شاہین نے تمام محکموں کو عوامی شکایات کو ترجیح دینے، بلاتعطل خدمات کو یقینی بنانے اور موسم کی وجہ سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں سے نمٹنے کے لئے تال میل کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے حالیہ برفباری کے بعد تمام سہولیات کو چند روز میں بحال کرنے کیلئے ہی ڈبلیو ڈی ، پی ایم جی ایس وائی ، محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کے افسروں اور ملازمین کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ذاتی دلچسپی سے حلقہ انتخاب بانہال کے کھڑی اور بانہال کے علاقوں کیلئے بڑی صلاحیت کے بجلی ٹرانسفارمر اور گاؤں میں استعمال ہونے مزید ٹرانسفارمروں اور بجلی کے کھمبوں کو منظوری ملی ہے تاکہ بجلی کی سپلائی بہتر کی جائے۔ انہوں نے کہا دو ہفتے قبل ہوئی میٹنگ بجلی کی بلا وجہ کٹوتی کے معاملات کو کم کیا گیا ہے اور بجلی کی بحالی بہتر ہوگئی ہے اور اس میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔