سرینگر//جموں کشمیر پینتھرس پارٹی نے ہفتہ کو پارٹی سرپرست پروفیسر بھیم سنگھ کو عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے لیڈران سے ملنے کی پاداش میں پارٹی کی سرپرستی سے خارج کیا۔
اس فیصلے کا اعلان پارٹی کے چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے جموں میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا”پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ بھیم سنگھ کو پارٹی کی سرپرستی سے خارج کیا جائے کیونکہ وہ نجی سطح پر ہی عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے لیڈران سے ملنے گئے تھے۔ اب اُنہیں پارٹی امورات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ اُنہیں پارٹی میں سبھی عہدوں سے خارج کیا گیا ہے“۔
ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ اُن کی پارٹی جموں خطے کے حقوق کیلئے جد و جہد کے راستے پر گامزن رہے گی اور اس سلسلے میں پارٹی لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اُن کی پارٹی ”بھارت مخالف “موقف کی حمایت نہیں کرتی ہے۔