سیاحوں کوکشمیر سیر کی دعوت
ٹریول ٹریڈ شومیں جموں و کشمیر سے 70سیاحتی ادارے شامل
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کل ملک بھر کے سیاحوں کو جموں و کشمیر کی بے مثال خوبصورتی، بھرپور ثقافت اور پرخلوص مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کی پرزور دعوت دی۔ گجرات کے گاندھی نگر میں مہاتما مندر کنونشن اینڈ ایگزی بیشن سینٹر میں منعقدہ ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر (ٹی ٹی ایف) کی اِفتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوے اُنہوں نے گجرات اور جموں و کشمیر کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاحتی روابط کا ذکر کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جموں و کشمیر کو ایک متحرک اور ہرموسم کی سیاحتی منزل کے طور پر فروغ دینے کے لئے پُرعزم ہے۔تقریب میںوزیر سیاحت گجرات ملوبھائی بیرا مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔عمر عبداللہ نے ٹریول اینڈ ٹورازم اِنڈسٹری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور نمائش ہالوں کا دورہ کرتے ہوئے مندوبین اور کاروباری اَفراد سے گفت شنید کی۔وزیر اعلیٰ نے گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل سے بھی ملاقات کی۔ میٹنگ میں بین الریاستی تعاون کو فروغ دینے، سیاحت کو آگے بڑھانے اور جامع ترقی کے لئے بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ٹریول اینڈ ٹورازم فیئر (ٹی ٹی ایف) احمد آبادگجرات کا سب سے بڑا ٹریول ٹریڈ شوجس میں زائد اَز 900 نمائش کنندگان جموں و کشمیر سے 70 سے زیادہ سیاحتی ادارے اور سری لنکا کی بین الاقوامی نمائندگی شامل ہے۔ایونٹ میں 31؍ جولائی سے 2؍ اگست 2025ء تک تین روزہ ایونٹ کے دوران 12,500 سے زائد تجارتی پیشہ ور افراد کی شرکت متوقع ہے۔ٹی ٹی ایف احمد آباد میں اس سال جموں و کشمیر سیاحت کی شرکت انتہائی اہم ہے جس میں مہم جوئی، یاترا، ورثے، غیر روایتی سیاحتی مقامات، فلم اور گالف سیاحت سمیت مرکزِ اتحاد کی وسیع سیاحتی صلاحیت کو اُجاگر کیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کا پویلین روایات، قدرتی خوبصورتی اور جدید سفری تجربات کے امتزاج کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جو سیاحوں کو اِس خطے کی بھرپور اور متنوع پیشکشوں کی جھلک پیش کرتا ہے۔ٹی ٹی ایف احمد آباد میں 25 سے زائد بھارتی ریاستیں اور یوٹیز شرکت کر رہے ہیں۔ یہ ایونٹ جموں و کشمیر کو بھارت اور بیرون ملک سیاحتی مارکیٹ میں اپنے قدم جمانے کے لئے ایک نادر اور منفرد موقعہ فراہم کرتا ہے۔