یو این آئی
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرکے انہیں جموں وکشمیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا۔قبل ازیں انہوں نے جموں میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے تازہ صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا ‘کچھ دیر پہلے وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کی’۔انہوں نے کہا ‘میں نے انہیں جموں و کشمیر کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا جن کا میں نے دورہ کیا ،جہاں کافی نقصان ہوا ہے’۔ان کا مزید کہنا تھا ‘ میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو مدد جاری رکھنے کی ان کی یقین دہانی کے لیے ان کا شکر گزار ہوں۔وزیر اعلیٰ عمر نے شدید بارشوں اور جموں میں سیلاب کی صورت حال کے بعد نقصانات کا جائزہ لینے اور فوری اِمدادی اَقدامات کی نگرانی کے لئے شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔اُنہوںنے جموں میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے زمینی صورتحال کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ حساس علاقوں میں لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اَقدامات کریں۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے دوران چوتھے توی پُل بھگوتی نگر، پرانے کیمپس یونیورسٹی میں سائنس کالج، ہوٹل فورچیون رویرا کے قریب ہری سنگھ پارک اور گجر نگر جموں کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوںنے زور دیا کہ چوتھے توی پل کا خراب شدہ حصہ فوری تکنیکی جانچ کی ضرورت ہے اور یاد دِلایا کہ یہ ڈھانچہ 2014 ء کے سیلاب میں بھی متاثر ہوا تھا۔ اُنہوں نے آئندہ ایسے خطرات سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔عمر عبداللہ نے تباہ شدہ مکانات کے معاملے پر کہا کہ بحالی کے منصوبے کو جامع انداز میں تیار کیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ کنبوں کو مناسب مدد مل سکے۔ اُنہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ فوری طورپر زمینی چیلنجوں کی نشاندہی کریں اورانہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔