سرینگر//نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے حلقہ انتخاب بیروہ کے کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کے دوران مقامی لوگوں کے مسائل و مشکلات سنے مختلف تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے حلقہ انتخاب بیروہ میں تعمیر و ترقی کے کاموں کے علاوہ پارٹی سرگرمیوں اور پروگراموں کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات بھی دریافت کئے۔لوگوں نے بجلی اور پانی کی عدم فراہمی کی شکایت کی۔ عمر عبداللہ نے یقین دلایا کہ وہ متعلقہ محکموں کے ساتھ معاملات اُٹھا کر ان کا سدباب کرانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔ اس کے علاوہ عمر عبداللہ نے سنوزکلی پورہ میں 3کروڑ روپے مالیت سے تعمیر کردہ پاور رسیونگ سٹیشن کا بھی معائینہ کیا جو اسی ہفتے کام کرنا شروع کرے گا۔ اس رسیونگ سٹیشن سے بیروہ کے 16دیہات پر مشتمل آبادی کو بجلی کی سپلائی فراہم ہوگی۔ اس طرح سے ان علاقوں کی دیرینہ مانگ بھی پوری ہوجائیگی۔ اس رسیونگ سٹیشن کی صلاحیت 6.3ایم ڈی اے اور اس رسیونگ سٹیشن سے ہردملہ پورہ فیڈر، ایس کے پورہ فیڈر اور ژوہ فیڈر کے ذریعے 16دیہات کو بجلی کی سپلائی فراہم ہوگی۔عمر عبداللہ نے کہا کہ حلقہ انتخابات بیروہ کی ہر لحاظ میں تعمیر و ترقی میرا مشن ہے اور اللہ کے فضل و کرم اور عوامی اشتراک سے ہم تمام وسائل بروئے کار لاکر اس مشن کو عملی جامہ پہنانے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ تعمیر و ترقی کو صحیح ڈھنگ میں انجام دینے اور لوگوں کے مسائل و مشکلات اُجاگر کرنے میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے علاوہ لوگوں کے اشتراک کو سراہا ۔ اُن کے ہمراہ سیاسی صلح کار تنویر صادق، انچارج کانسچونسی پروفیسر عبدالمجید متو، محمد ابراہیم میر، ضلع صدر بڈگام عبدلاحد ڈار اور کئی محکموں کے اعلیٰ افسران بھی تھے۔