عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ، عمر عبداللہ جمعہ27ستمبر، 2024کو جموں کے علاقے میں تین بڑی عوامی ریلیوں سے خطاب کریں گے، جو آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی وسیع مہم کے حصے کے طور پر چل رہے ہیں۔ یہ ریلیاں ادھم پور ایسٹ، وجے پور اور جموں شمالی حلقوں میں ہوں گی، جہاں عمر عبداللہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے پارٹی کے وژن اور وابستگی کا خاکہ پیش کریں گے۔عمر عبداللہ کی پہلی ریلی ادھم پور ایسٹ کے جے کے این سی امیدوار سنیل ورما کی حمایت میں صبح 11:30بجے دہما، بلاک خون، ادھم پور ایسٹ (حلقہ نمبر 60) میں ایچ ڈی پیلس میں منعقد ہوگی۔اس کے بعد دوسری ریلی وجئے پور (حلقہ نمبر 71) کے ٹھنڈی کھوئی میں واقع اوریم گرینڈ ہوٹل میں دوپہر 2:00بجے وجئے پور اسمبلی حلقہ کے جے کے این سی امیدوار راجیش پرگوترا کی حمایت میں نکالی جائے گی۔ آخری ریلی جموں شمالی (حلقہ نمبر 79) تھاتھر میں رادھا سوامی آشرم کے قریب 3:30بجے جموں شمالی اسمبلی حلقہ کے لئے این سی امیدوار اجے کمار سدھوترہ کی حمایت میں نکلے گی۔