سرینگر//نیشنل کانفرنس کے کاگذار صدر عمر عبداللہ نے مرحوم محمد ایوب پنڈت (ڈی ایس پی) کے گھر واقع نائو پورہ جاکر اُن کے اہل خانہ کیساتھ تعزیت کی ۔ انہوں نے مرحوم پولیس افسر کے پسماندگان کی ڈھارس بندھائی اور اُن کے ساتھ شریک غم ہونے کا اظہار بھی کیا۔ اس موقعے پر مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے گئے۔ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ پولیس افسر کو زیر چوب ہلاک کرنا انسانیت سوز فعل ہے اور مہذب اقوام میں ایسے واقعات کیلئے کوئی جگہ موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ عمر عبداللہ نے مطالبہ کیا کہ اس دلدوز اور دلخراش قتل کی تحقیقات کرکے ملوثین کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہئے۔ اُن کے ہمراہ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی بھی تھے۔اس قبل پارٹی کے ترجمان جنید عظیم بھی عید کے روز مرحوم کے گھر گئے اور اُن کے پسماندگان کیساتھ وقت گذارا ۔ اسی دوران عمر عبداللہ نے اہربل نشاط جاکر سن شائن ہوٹل کے مالک مرحوم مصطفیٰ علیٰ کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی اور ڈھارس بندھائی اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت بھی ادا کیا گیا۔ انہوں نے دونوں سوگوار خاندانوں کیساتھ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے بھی تعزیت کی۔