سرینگر//حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت نیشنل کانفرنس نے منگل کو پارٹی میں غیر معمولی ردو بدل کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو کارگزار صدر سے نائب صدر نامزد کرنے کے علاوہ7ریاستی سیکریٹریوں اور6مرکزی سیکریٹریوں کے علاوہ خواتین شعبہ کی صدر کی نامزدگی کا بھی اعلان کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کو پارٹی کے کلیدی عہداروں کی نامزدگیوں کو ہری جھنڈی دکھائی،تاکہ پارٹی روابط کو مستحکم کرنے کے علاوہ نیشنل کانفرنس کے امور نگرانی بھی کی جائے۔ نامزد گی کے بعد اب پارٹی میں صرف ایک نائب صدر ہوگا،اور اس کی کمان سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے بیان کے مطابق چودھری محمد رمضان،پیرزادہ غلام احمد ، مشتاق بخاری،اجے سدھوترا،رتن لال گپتا،ایس ایس سلاتیہ اور سکینہ یتو کو ریاستی سیکریٹری کا قلمدان سونپا گیا جبکہ میر سیف اللہ،عرفان احمد شاہ،سجاد احمد کچلو،رچپال سنگھ،جاوید رانا اور عبدالغنی ملک کو مرکزی سیکریٹریوں کی ذامہ داری سونپی گئی۔ ممبر اسمبلی حبہ کدل شمیمہ فردوس کو ایک بار پھر خواتین شعبے کی صدر اور سابق ممبر اسمبلی بملاا لوتھرا کو نائب صدر بنایا گیا۔ پارٹی بیان کے مطابق ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جن نامزدگیوں کو ہر جھنڈی دکھائی،ان میں ڈاکٹر محمد شفیع کو کشمیر صوبہ کیلئے نائب صدر،جبکہ قانون ساز کونسل کے رکن ڈاکٹر بشیر احمد ویری کو جنوبی کشمیر کیلئے زونل صدر مقرر کیا گیا۔ سبیہ قادری کو خواتین ونگ کیلئے صوبائی صدر کشمیر،شبیر احمد کلے کو جنوبی کشمیر کیلئے نائب صدر اور الطاف احمد کلو کو ضلع اسلام آباد(اننت ناگ) کیلئے صدر مقرر کیا گیا۔نذیر احمد ملک کو شمالی کشمیر کیلئے زونل سیکریٹری مقرر کیا گیا۔