عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں عمر عبداللہ سرکار کے 375 دن پورے ہوئے لیکن انہوں نے اب تک اپنے منشور کا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہاعمر سرکار کا 20 فیصد وقت گذر گیا اب بھی وہ ترقیاتی کام نہیں کرے گی تو پھر کب کرے گی۔ان خیالات کا اظہارترون چگ نے جمعرات کو وسطی ضلع بڈگام میں پارٹی کے ایک جلسے کے موقع پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاعمر عبداللہ نے بڈگام کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اور اب وہ بی جے پی کے امیدوار آغا محسن کو ووٹ دے کر اس کا جواب دیں گے۔عمر عبداللہ کی طرف مخاطب ہو کران کا کہنا تھامیں عمر عبداللہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کی سرکار کے 375 دن مکمل ہوگئے لیکن ابھی تک آپ نے اپنے منشور کا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ چگ نے کہاعمر عبداللہ جھوٹ بولتے ہیں کہ ایل جی سرکار انہیں کچھ کرنے نہیں دیتی ہے، پولیس کے سوا تمام محکمے ان کے پاس ہیں، انہوں نے ایوان میں ترقیاتی کام کرنے کا کون سا ایسا فیصلہ کیا جس کو روکا گیا۔
انہوں نے کہاجو لال بتی والی گاڑیاں عمر عبداللہ کے وزراء کے پاس ہیں وہ انہیں عوام نے ترقی کے لئے دی ہیں۔ان کا کہنا تھاعمر عبداللہ سرکار میں بیٹھے کچھ لوگ بھی یہ مانتے ہیں کہ منشور کا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔بعض سیاحتی مقامات ابھی بھی بند ہونے کے بارے میں پوچھے جانے پر بی جے پی لیڈر نے کہاعمر عبداللہ سیاحت کے لئے کوئی بھی نیا پروجیکٹ نہیں لا سکے،جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح کا سیاحتی مقام بنے اس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی پر عزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ سرکار کا 20 فیصد وقت گذر چکا ہے اب وہ کام نہیں کریں تو پھر کب کریں گے۔نگروٹہ سیٹ کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھااس سیٹ پر آنجہانی رویندر رانا کی بیٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔
عمر عبداللہ سرکار کے 375 دن بیت گئے، لیکن منشور کا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا: ترون چگ
