عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ایڈوکیٹ رتن لال گپتا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی متحرک قیادت میں نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت نے مرکزی زیر انتظام علاقے میں اہم مثبت تبدیلیاں لائی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے صرف پانچ ماہ کی حکمرانی میں جمہوری اقدار کو بحال کرنے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں۔شیر کشمیر بھون میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ حکمرانی کے پانچ ماہ کے مختصر عرصے میں عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت کی طرف سے نافذ کیے گئے کئی عوام نواز اقدامات کا ذکر کیا۔ صوبائی صدر نے کہا کہ عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت کے اس طرح کے بروقت اور نوجوانوں پر مبنی فیصلے عام عوام کی فلاح و بہبود کے لیے این سی کے خلوص اور عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔انکاکہناتھا ’’این سی خطے کے وقار کو بحال کرنے، جمہوری حقوق کو یقینی بنانے اور اس کے تمام باشندوں کے خوشحال مستقبل کے لیے کام کرنے کے اپنے مشن میں ثابت قدم ہے‘‘۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وائی این سی کے صوبائی صدر، تیجندر پال سنگھ امان نے بے روزگاری کے اہم مسئلے کو حل کرنے میں ناکامی پر پچھلی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ موجودہ عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت نوجوانوں پر مرکوز پالیسیوں کو فعال طور پر نافذ کر رہی ہے جس کا مقصد روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنا، تعلیمی انفراسٹرکچر کو بڑھانا اور نوجوان نسل کو بااختیار بنانے کے لیے ہنر مندی کے فروغ کے پروگرام شروع کرنا ہے۔