سمت بھارگو
راجوری//نائب وزیراعلیٰ ’سریندر چوہدری نے بی جے پی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت جموں و کشمیر کے تمام علاقوں میں ترقیاتی خلا کو پْر کرنے کے لئے مسلسل کوشاں ہے، لیکن بی جے پی اس عمل کو روکنے کے لئے مختلف حربے اپنا رہی ہے۔نوشہرہ میں مختلف عوامی پروگراموں سے خطاب کرتے ہوئے سریندر چوہدری نے کہا کہ بی جے پی اپنی سیاسی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے عوامی مفاد کے کاموں میں رخنہ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے آبائی حلقہ نوشہرہ میں بی جے پی کے کچھ رہنما ترقیاتی منصوبوں کو کسی نہ کسی بہانے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، حتیٰ کہ بعض منصوبوں کو تاخیر کا شکار کرنے کے لئے عدالتوں کا بھی سہارا لیا جا رہا ہے۔چوہدری نے کہاکہ بی جے پی نے گیارہ سال کی حکمرانی کے دوران عوام سے جو وعدے کئے، انہیں پورا کرنے میں ناکام رہی، اور اب جب عمر عبداللہ حکومت تیزی سے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے تو بی جے پی ان پر روک لگانے کی کوشش کر رہی ہے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے علاقے کی عام آبادی متاثر ہوگی اور عوامی مفاد کے منصوبے تاخیر کا شکار ہو جائیں گے۔ انہوں نے بی جے پی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ منفی سیاست چھوڑ کر ترقیاتی کاموں میں تعاون کریں، تاکہ علاقے کے عوام کو بہتر سہولیات میسر آسکیں۔نائب وزیراعلیٰ نے بی جے پی کی جانب سے بدعنوانی اور سنگل ٹینڈر الاٹمنٹ کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کسی بھی ضابطے کی خلاف ورزی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھا جا رہا ہے، اور افسران کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی کام کریں۔