عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ،،اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری ،انجمن شرعی شیعیان کے آغا سید مجتبٰی عباس،پردیش کانگریس کمیٹی سمیت متعدد سیاسی ،مذہبی اور سماجی انجمنوں سے وابستہ شخصیات نے کل مفتی اعظم جموں وکشمیر مفتی ناصر الاسلام فاروقی کے گھر جاکر اُن کی تعزیت پُرسی کی اور ڈھارس بندھائی۔ عمر عبداللہ نے مرحومہ کے تمام پسماندگان کی تعزیت پُرسی کی اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے بھی تعزیت کی۔ اُن کے ہمراہ ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق، سیاسی صلح کار مشتاق گورو، سیاسی صلح کار مدثر شاہ میری بھی تھے۔ادھراپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے پارٹی کے جنرل سیکرٹری رفیع احمد میرکے ہمراہ مفتی اعظم کے گھر جاکر سوگوار کْنبے سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی دْکھ کی اس گھڑی میں اس خاندان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ادھرانجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن کی ہدایت پر آغا سید مجتبٰی عباس الموسوی الصفوی نے تنظیم کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمرا ہ مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام کے گھر جاکر پسماندگان سے تعزیت کی۔ ادھرجمعیت علماء اہل السنۃ والجماعۃ کے سکریٹری مولانا شیخ عبدالقیوم قاسمی مہتمم دارالعلوم شیری بارہمولہ نے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ انتہائی نیک سیرت اعلیٰ صفات اور اونچی نسبت والی خاتون تھی۔انہوں نے امت مسلمہ بالخصوص ائمہ مساجد،علماء وطلباء سے مرحومہ کے لئے ایصال ثواب ودعاء مغفرت کی درخواست کی۔ادھرآل پارٹیز سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینہ نے سوگوار خاندان کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی روح کے سکون کے لیے دعا کی ہے۔ادھر انتظامیہ جامع اول بقعہ عالیہ اوسی صاحب نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ادھرپردیش کانگریس کمیٹی کا ایک تعزیتی اجلاس سری نگر کانگریس ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوا جس کی صدارت سینئر نائب صدر محمد انور بٹ نے کی۔ اجلاس میں مفتی ناصر الاسلام کے ساتھ دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔اس سے قبل نائب صدر عبدالغنی خان اور دیگر قائدین مفتی اعظم کی رہائش گاہ پر گئے اور تعزیت کا اظہار کیا۔