ممبئی،22 اکتوبر (یو این آئی)لیفٹ آرم اسپنر عمران نذیر (62 رن پر پانچ وکٹ) اور پرویز رسول (40 رن پر تین وکٹ)کی خطرناک گیندبازی کی بدولت جموں وکشمیر نے آندھرا پردیش کو پہلی اننگ میں 255 رن پر آؤٹ کرکے 79 رن کی برتری حاصل کرلی ہے ۔ رنجی ٹرافی گروپ سی میچ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک جموں وکشمیر نے اپنی دوسری اننگ میں دو وکٹ کے نقصان پر 31 رن بنالئے ہیں۔ آج صبح آندھرا پردیش نے اپنی پہلی اننگ کے گزشتہ روز کے اسکور دو وکٹ پر 72 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی پوری ٹیم 255 رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آندھرا پردیش کی جانب سے دوارکا روی تیجا نے سب سے زیادہ 81 رن بنائے جبکہ اے جی پردیپ نے 47 اور اشون ابار نے 38 رن کا اسکور کیا۔ جموں وکشمیر کی جانب سے عامر نذیر سب سے کامیاب گیندباز رہے انہوں نے 33 اوور میں 9 میڈ ان کے ساتھ 62 رن دے کر پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جبکہ پرویز رسول نے 22 اعشاریہ تین اوور میں پانچ میڈ ان کے ساتھ 40 رن دے کر تین وکٹ حاصل کئے ۔ عمر نذیر کو ایک وکٹ حاصل ہوا۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر شبھم کھجوریا تیرہ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ جبکہ عادل رشی تین رن اور ایان ڈیو سنگھ پندرہ رن بناکر آؤٹ ہوچکے تھے ۔ آندھرا کی جانبسے بھارگو بھٹ نے جموں وکشمیر کے دونوں وکٹ حاصل کئے ۔