سرینگر/حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق نے جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودوی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کی پیشکش کا مثبت جواب دیکر امن کو ایک ''حقیقی'' موقع دیں۔
میرواعظ نے آج نماز جمعہ سے قبل جامع مسجد میں اپنے خطاب میں کہا ''مودی کو عمران خان کی پیشکش کا مثبت جواب دیکر امن کو ایک حقیقی موقع دینا چاہئے''
انہوں نے کہا''مسائل کا فوجی اپروچ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا ہے لیکن انسانی اپروچ ،جیسا کہ کرتارپور کاریڈور کھولنا، ہی آگے بڑھنے کا بہترین طریقہ ہے۔'' انہوں نے حکومت ہندوستان سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نوجوانوں کو جان سے مارنے اور پیلٹ گن کے استعمال پر روک لگائے۔
میر واعظ کا کہنا تھا کہ بھارت کو کشمیر مسئلہ کو لیکر پاکستان اور کشمیر کے ساتھ ''انگیج'' ہوکر جمہوری بلوغت دکھانی چاہئے جیسا کہ اُس کا دعویٰ ہے۔