اسلام آباد //پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے ہندوپاک کے درمیان کشیدگی کی برف پگھلانے کیلئے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو فون کر کے انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حالیہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ پاکستان میں دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم نے نریندر مودی کو فون کرکے ان کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے، دونوں ممالک کے عوام کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان نے مزید ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان، جنہوں نے جمعہ کو نریندر مودی کی کامیابی پر انہیں ایک ٹوئٹر پیغام میں مبارک باد دی تھی، نے جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور خوشحالی سے متعلق اپنے نقطہ نظر کا اعادہ کیا۔نئی دہلی میں دفتر خارجہ کی طرف سے ایک بیان جاری کیا گیا ،جس میں کہا گیا کہ مودی نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا’’ ہمسائیگی کی پہلی پالیسی یہ ہے کہ پاکستان میں غریبی کیخلاف مشترکہ طور پر لڑائی لڑی جائے‘‘۔ نریندر مودی نے کہا کہ بھروسہ اور ماحول قائم کرنے کیلئے خطے میں تشدد اور دہشت گردی سے پاک امن کا اشتراک،ترقی اور خوشحالی لازمی ہے۔گذشتہ دنوںوزیر اعظم نے ٹوٹٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادیوں کی کامیابی پر میں وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور جنوبی ایشیا میں امن اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پراْمید ہوں'۔ اسکے جواب میں مودی نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا تھا۔