اسلام آباد// عمران خان کی پارٹی تحریک انصاف پاکستان میں قومی سطح پر حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔پارٹی کا کہنا ہے کہ ایک آزاد رکن قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی جبکہ دیکر 14اراکین بھی آئندہ 48گھنٹوں میں شمولیت اختیار کرنے جارہے ہیں جس کے ساتھ ہی حکومت کی تشکیل ہوگی۔ اس سلسلے میں عمران خان کی رہاش گاہ پر کل ایک اور میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ہم خیال پارٹیوں سے رابطے کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ساتھ ہی پنجاب میں بھی حکومت سازی کے عمل کو تیز کرنے پر کئی سرکردہ لیڈران کو ٹاسک دیا گیا۔اس دوروان امریکا نے پاکستان کی نئی حکومت سے مکمل تعاون کے ساتھ خطے میں امن و خوشحالی کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جنوبی ایشیا میں سیکورٹی، استحکام اور خوشحالی کے لیے امریکا پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا جیسا کہ پچھلی حکومتوں کے ساتھ بھی تعاون کرتا رہا ہے۔ دونوں ممالک کا مل کر کام کرنا خطے کے مفاد میں ہے اس لیے اس موقع کو کھونا نہیں چاہیے۔دریں اثناء پاکستان میں متعین سعودی سفیر نے عمران خان سے ملاقات کی اور الیکشن جیتنے پر سعودی فرمانروا کی جانب سے انہیں مبارکباد اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔پاکستان میں انتخابی عمل کی تکمیل پر مسرت اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب نہایت مثبت اور جامع تھا، ان کی جانب سے سعودی عرب کے بارے میں جن خیالات و جذبات کا اظہار کیا گیا اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا عمل مکمل ہوتے ہی سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے، سعودی ولی عہد کے اس دورے سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کی بنیاد ڈالیں گے۔