اسلام آباد// اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی جائیداد کی قرقی کے لیے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔عدالت نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور اسلام آباد کی مقامی انتظامیہ سے ان دونوں ملزموں کی پاکستان میں موجود جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے متعقلہ اداروں کو اس ضمن میں جلد از جلد رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔نامہ نگار شہزاد ملک نے بتایا کہ عمران خان اور طاہرالقادری کے جائیدادیں قرقی ہونے سے متعلق ضابطے کی کارروائی کا آغاز سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور دھرنے کے دوران اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی کو تشدد کا نشانہ بنانے مقدمات میں کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت ان دونوں جماعتوں کے سربراہوں کو مقدمات میں پیش نہ ہونے پر پہلے ہی اشتہاری قرار دے چکی ہے۔عمران خان کا موقف ہے کہ چونکہ یہ مقدمات سیاسی نوعیت کے ہیں اس لیے وہ ان مقدمات میں ضمانت نہیں کروائیں گے۔اسلام آباد پولیس اس ضمن میں عدالت میں رپورٹ جمع کروا چکی ہے کہ دونوں ملزموں کو گرفتار کرنے کے لیے متعدد بار ا±ن کے گھروں پر چھاپے مارے گئے لیکن وہ وہاں پر موجود نہیں تھے۔عدالت نے اس رپورٹ پر حیرت کا بھی اظہار کیا تھا جس کے بعد ا±نھوں نے عمران خان اور طاہرالقادری کو اشتہاری قرار دے کر ا±ن کے گھروں اور عام مقامات پر اشتہارات آویزاں کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی دانیال عزیز نے ان مقدمات کی سماعت کرنے والی عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عدالت رینجرز کے حکام کو ان دونوں اشتہاری ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے۔تاہم انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اس پر ابھی کوئی فیصلہ صادر نہیں کیا۔