نئی دہلی//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے قومی صدر امت شاہ نے پلوامہ دہشت گردانہ حملے پر پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی خاموشی پر سوال کیا اور کہا کہ انہیں یہ بتانا ہوگا کہ ان کی ایسی کیا مجبوریاں تھیں کہ وہ اس جارحانہ حملے کی مذمت تک نہیں کرسکے ۔مسٹر شاہ نے جمعہ کو یہاں منعقد ایک پروگرام کے دوران یہ بات کہی۔انہوں نے 14فروری کو پاکستان میں واقع جیش محمد کے خطرناک خودکش حملے میں شہید ہوئے جوانوں کا ذکر کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے سوال کیا کہ مسٹر خان نے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کیوں نہیں کی۔بی جے پی صدر نے کہا،‘‘عمران خان نے کسی بھی دہشت گردانہ حملے کی کبھی مذمت نہیں کی ہے ۔انہیں بتانا ہوگا کہ ان کی کیا مجبوریاں رہی ہیں۔’’مسٹر خان کے اس بیان پر کہ وہ بات چیت کے لئے تیار ہیں اور پختہ ثبوت دینے پر جیش محمد کے خلاف کارروائی کریں گے ،مسٹر شاہ نے کہا،‘‘میں اتنا ہی کہتا ہوں،ثبوت کی بات بعد میں آتی ہے ،پلوامہ میں جو ہوا پاکستان کے وزیراعظم ایک باراس کی مذمت تو کریں۔دو لفظ بولنے کے لئے نہیں ہیں۔’’مسٹر شاہ نے کہا کہ مسٹر خان جب بلوامہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت تک نہیں کررہے ہیں،ایسے میں ہندوستان ان پر کیسے یقین کرسکتا ہے ۔انہوں نے کہا،‘‘کیسے بھروسہ کریں۔وہ کہتے جائیں اور ہم سنتے جائیں۔کیا آپ کی منشا نہیں دیکھیں گے ہم؟ہمیں پتہ ہے پاکستان میں حکومت ان کے کنٹرول میں نہیں ہے لیکن آپ کہہ تو سکتے ہیں؟کیا آپ اتنے بے چارے ہیں۔؟’’انہوں نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کو ختم کرنا چاہتا ہے تو اسے آگے آکر بات کرنی چاہئے ۔انہوں نے اپوزیشن پارٹیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر ملک کو ایک آواز میں بولنا چاہئے ۔بی جے پی جب اپوزیشن میں تھی اور اس وقت کی حکومت نے اس طرح کے بحران کا سامنا کیا تھا تو وہ حکومت کے ساتھ کھڑی تھی۔یواین آئی