سرینگر//وزیراعلیٰ کی ہدایات پر انفارمیشن ٹیکنالوجی ، تکنیکی تعلیم ، امور نوجوان و کھیل کود کے وزیر عمران رضا انصاری نے کل شیخ محلہ سنگین دروازہ حوال میں حالیہ آگ کی واردات سے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کی اور ان کی جائیدادوں کو ہوئے نقصان پر انتہائی دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے متاثرین کو یقین دلایا کہ وہ ان کو تمام ممکنہ امداد فراہم کرنے میں کوئی بھی کسر اٹھانہیں رکھیں گے تاکہ وہ دوبارہ اپنا گھر بار تعمیر کرسکیں۔وزیر کے ہمراہ کئی محکموں کے افسرا ن بھی تھے جنہوںنے وزیر کو مطلع کیا کہ ہر کنبے کو تین مہینے کی راشن ، کمبل ،ادویات ،عمارتی لکڑی ، تیل و دیگر ضروری اشیاء پہلے ہی تقسیم کئے گئے ہیں۔متاثرہ کنبوں کو فوری مدد فراہم کرتے ہوئے وزیر نے موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ جنگی پیمانے پر اقدامات کر کے متاثرین کے لئے امداد اور باز آباد کاری کے اقدامات کریں کیونکہ یہ کنبے موجودہ موسم سرما کے دوران کھلے آسمان کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔اس موقعہ پر انصاری نے کہاکہ تحصیلداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ نقصان کا تخمینہ فوری طور لگائیں تاکہ تین دنوں کے اندر متاثرہ کنبوں میں ایک لاکھ چالیس ہزار روپے بطور امداد فراہم کیا جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین جے اینڈکے بینک لمٹیڈ کے ساتھ متاثرین کو ہاوسنگ لون فراہم کرنے کے بارے میں بات چیت کی جائے گی اور اس کے علاوہ حکومت بھی متاثرین کی مدد کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے جڈی بل عابد حسین انصاری نے متاثرین کے فی کنبے میں 65000روپے کی رقم تقسیم کی۔ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، ایڈیشنل کمشنر کشمیر ، متعلقہ تحصیلدار اور پٹواری وزیر کے ہمراہ تھے۔