علی گڑھ//علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے بانی اور جدید ہندوستان کے معمار سرسید احمد خاں کی 120ویں یوم وفات پر انھیں شایان شان خراج عقیدت پیش کیا گیا۔یونیورسٹی کی جامع مسجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی ہوئی جس میں کثیر تعداد میں یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ ، مختلف مساجد کے ائمہ اور یونیورسٹی کے انتظامی افسران و غیرتدریسی عملہ کے اراکین شریک ہوئے ۔سرسید احمد خاں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ان کے مزار پر وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور اور پرو وائس چانسلر پروفیسر تبسم شہاب نے پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر جاوید اختر، ناظم دینیات و دینیات فیکلٹی کے ڈین پروفیسر توقیر عالم فلاحی، زرعی سائنس فیکلٹی کے ڈین پروفیسر پرویز قمر رضوی،اردو اکادمی کے ڈائرکٹر ڈاکٹر راحت ابرار، ایس ایس ہال (جنوبی) کے پرووسٹ ڈاکٹر بی ڈی خاں کے علاوہ کثیر تعداد میں اساتذہ، طلبہ اور غیرتدریسی عملہ کے اراکین موجود تھے ۔قابل ذکر ہے کہ سرسید احمد خاں علیہ الرحمہ کی پیدائش 17اکتوبر 1817کو دہلی میں ہوئی تھی اور انھوں نے علی گڑھ کو اپنا میدانِ عمل بنایاجہاں 27مارچ 1898کو ان کا انتقال ہوا۔وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے ایس ایس ہال(نورتھ) اور ایس ایس ہال (سا¶تھ) کا دورہ کیا۔یو این آئی