نئی دہلی//مارینٹی یونیورسٹیزالومنائی فرنٹ نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں جاری تنازع کے سلسلے میں الزام لگایا کہ محمد علی جناح کے فوٹو پر غیر ضروری تنازع کھڑا کرنا دراصل یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کو ختم کرنے کی مرکزی حکومت کی سازش کا ایک حصہ ہے ۔ یہ الزام مارینٹی یونیورسٹیزالومنائی فرنٹ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں لگایا۔ مارینٹی یونیورسٹیزالومنائی فرنٹ کے کنوینر ڈاکٹر بصیر احمد خاں نے الزام لگایا کہ یونیورسٹی کے ماحول بگاڑنے کے لئے پولیس کی حفاظت میں ہندو یوواواہنی اور ہندو جاگرن منچ کے شرپسندوں نے یونیورسٹی میں گھس کر شرانگیز نعرے لگانے اور طلبہ کو مشتعل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ خاطی پولیس والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور یونیورسٹی پر حملہ کرنے والے تمام شر پسندوں کو گرفتار کیا جائے ۔ مائنریٹی یونیورسٹیز الومنائی فرنٹ کے کنوینر پروفیسر بصیر احمد خان نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اے ایم یو میں گزشتہ دنوں جو کچھ ہوا اس کا مقصد اس ادارے کے اقلیتی کردار پر سوال کھڑے کرنا ہے ۔ یہ ایک سازش ہے ۔ اس کے ذریعہ اے ایم یو کی شبیہ خراب کرنے اور انتخابات سے پہلے معاشرے میں صف بندی کی کوشش ہے ۔ اے ایم یو کے طلبہ یونین کے سابق صدر عرفان اللہ خان نے کہا کہ یہ سب ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہورہا ہے ۔ پہلے جے این یو اور پھر اے ایم یو اور پھر اس کے بعد جامعہ ملیہ اسلامیہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ہورہی ہے ۔تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانا ملک کے لئے مناسب نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکار یہ طے کرے کہ ملک میں کس کی تصویر لگنی چاہئے اور کس کی نہیں ۔ ہم جناح کو اہمیت نہیں دیتے ۔ لیکن وہ تاریخ کا حصہ ہیں اور تصویر کو اسی نظر دیکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت فروغ انسانی وسائل کو اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہئے اور یونیورسٹی میں حالات کے بارے میں اپنی صورت حال کو واضح کرنی چاہئے ۔ ساتھ ہی بھیم ٖآرمی کے لیڈر چندر شیکھر آزاد کو بھی رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔اسی کے ساتھ مہرولی کی گلشن مسجد میں نماز سے روکنے کی مذمت اور سینٹ اسٹیفن کالج کے چرچ پر مندر یہیں بنائیں گے کے نعرے لکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ اے ایم یو کے یونین ہال میں لگی جناح کی تصویر کے سلسلے میں پچھلے دنوں علی گڑھ کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے وائس چانسلر طارق منصور کو خط لکھا تھا۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریٹو بلاک میں ہندی سیکشن کا قیام
علی گڑھ//علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے ایڈمنسٹریٹو بلاک میں ہندی سیکشن قائم کیا گیا ہے ۔ اس سیکشن میں ایک ہندی آفیسر، ایک ہندی مترجم اور ایک ہندی کلرک کی بھی تقرری عمل میں لائی گئی ہے ۔ یہ ہندی سیکشن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے رجسٹرار کی زیرِ ہدایت کام کرے گا۔یو این آئی۔