علی گڑھ // علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کے ذریعہ خدمت خلق کے جذبے سے قائم کی گئی ’’سوچ ‘‘ تنظیم کے زیرا ہتمام عید کے موقع پر کپڑے ہدیہ کرنے کی مہم کاا?غاز کیا گیا۔ رمضان المبارک کے موقع پر مذکورہ تنظیم نے یہ مہم ان غریب نادار اور ضرورت مند افراد کے لئے شروع کی ہے ، جو عید کے موقع پر نئے کپڑے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے ہیں۔ طلبہ کی اس کوشش سے جہاں غریب بچوں کے چہروں پر خوشی نظر آرہی ہے وہیں یہ دیگر لوگوں کے لئے ایک سبق بھی ہے۔مسلم یونیورسٹی طلبہ کی’’سوچ‘‘ تنظیم علی گڑھ اور اس کے قرب وجوارکے ضرورت مند بچوں کے لئے تعلیم بھی مہیا کرا رہی ہے۔ شہر کے تین جگہوں پر غریب بچوں کے مفت تعلیم کا نظم ہے اور انہیں بچوں کو عید کے موقع پر نئے کپڑے بھی دیے گئے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں دیگر بچوں کے ساتھ شامل ہوسکیں۔غورطلب ہے کہ عید کے موقع پر نئے کپڑے صاحب خیر حضرات کے تعاون سے جمع کیے جاتے ہیں اورمذکورہ تمام کپڑوں کوغریب و نادار بچوں کی مسلم بستی میں تقسیم کئے جائیں گے۔آج مسلم یونیورسٹی کی این ایس ایس بلڈنگ میں جھگی جھونپڑی میں رہنے والے بچوں میں عید کے کپڑے تقسیم کئے گئے۔