سرینگر//نیشنل کانفرنس کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کل شہر خاص کے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران انہوں نے آثار شریف شہری کلاش پورہ میں حاضری دی اور وہاں عید میلاد النبیؐ کی تقریب سعید اور ایام متبرکہ کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقعے پر زیارت گاہ میں دو ائر کنڈیشن(AC)نصب کرنے ،فرش وفروش اور لائٹنگ کیلئے ساڑھے 7لاکھ روپے واگذار کئے۔ اس موقعے پر بقعہ عالیہ کے منتظمین جنرل سکریٹری کی دستار بندی۔ انہوں نے شاہ ہمدان میرج ہال کیلئے جنریٹر، فرش اور شیڈ کیلئے ساڑھے 14لاکھ روپے واگذار کئے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے مولوی کوچہ کی تعمیر و تجدید کیلئے 5لاکھ بھی واگذار کئے۔اس سے قبل انہوں نے آثار شریف کلاش پورہ میں افسروں کی ایک میٹنگ میں ایام معتبرکہ کے سلسلے میں اُٹھائے جارہے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ زائرین کی سہولیات تمام کیلئے انتظامات ماضی کی طرح دستیاب رکھیں۔ اس کے بعد علی محمد ساگر نے زیارت نقشبند صاحبؒ پر بھی حاضری دی اور عرس مبارک اور خاصکر خوجہ دگر کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ ساگر نے ڈویژنل انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ عید میلاد النبیؐکی تقریب سعید کے پیش نظر خاص کر ایام متبرکہ کے دوران درگاہ حضرت بل میں زائرین کی سہولیات کے لئے خصوصی انتظامات، جن میں بجلی، پینے کے پانی، صحت وصفائی، ٹرانسپورٹ جیسی سہولیات کی فراہمی ہیںکوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ زائرین کو لانے اور لیجانے کیلئے صبح وشام معقول بس سروس کا انتظام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ایام متبرکہ تقریب سعید عید میلادالنبیؐکے پیش نظر لوگوں کیلئے ضروریات زندگی خاص کر راشن گھاٹوں پر معیاری چاول، کھانڈ ، آٹا اور رسوئی گیس کے ساتھ مٹی کا تیل کا سٹاک ، وافر مقدار میں دستیاب رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ایسے ہی انتظامات آثار شریف شہری کلاش پورہ ، جناب صاحب صورہ ، لال بازار ، پنجورہ شوپیاں، اہم شریف بانڈی پورہ ، کعبہ مرگ، کھرم سرہامہ، اہم شریف بانڈی پورہ ، آستانہ امام العالم اندرواری ، مکہامہ ، بارہمولہ ، خوش آن صاحب اندرواری اور دیگر زیارت گاہوں پر بھی کئے جائیں۔ادھر پردیش کانگریس کے صدر جی اے میر نے حکومت پر زور دیا ہے کہ عید میلاد النبیؐکے موقعہ پر تمام تر انتظامات کئے جائیں اور آچار شریف درگاہ حضرت بل میں زائرین کو سہولیات بہم رکھی جائیں ۔