سرینگر //نیشنل کانفرنس کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ علی محمد ساگر نے کل شہر خاص کے درجنوں علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے زیر تعمیر باب الاقبال سٹی گیٹ پر جاری 1کروڑ 98لاکھ روپے کے پروجیکٹ پر جاری کام کا بھی جائزہ لیا ، جس پر اب تک 47لاکھ سے زائد رقوم خرچ کئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ علاقے کے فٹ پاتھوں کی تعمیر و تجدید اور جاب النظر بنانے کیلئے 60روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے زیارت دستگیر صاحبؒ خانیار شریف میں پارک کے کام کا بھی جائزہ لیا جس پر 15لاکھ روپے صرف کئے جارہے ہیں۔اْن کے ہمراہ ایس ایم سی، پی ڈی پی، یو ای ای ڈی، آر اینڈ بی اور پی ایچ ای کے آفیسران بھی تھے۔دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کی شکایات بھی سنی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ مخلوط سرکارکے وجود میں کے بعد نہ صرف شہر سرینگر کے لوگوں کو ستایا جارہا ہے بلکہ اس تاریخی شہر کو تعمیر و ترقی کے لحاظ سے ہر سطح پر نظر اندا ز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت نے جان بوجھ کر شہر خاص میں سابق حکومت کے پروجیکٹوں پر کام روک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ عوامی آرام و آسائش کیلئے شروع کئے گئے تھے۔ ساگر نے کہا کہ کئی بار حکومت کی نوٹس میں لانے کے باوجود بھی کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ہے، وزراء یہاں تک کہ وزیر اعلیٰ کی یقین دہانیوں کے بعد بھی کام بحال نہیں ہورہا ہے۔