سرینگر/سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سوموار کو مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ چیئر مین محمد یاسین ملک کو ناسازی صحت کی بنیاد پر فی الفور رہا کیا جانا چاہئے۔
جنوبی ضلع کولگام میں ایک چناوی تقریب کے حاشیوں پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ نے ملک کی حالت کو ''بہت خراب'' قرار دیا۔
انہوں نے کہا''میں حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ یاسین ملک کو فوری طور رہا کیا جائے تاکہ اُس کا علاج ہوسکے۔ اللہ نہ کرے اُسے کچھ ہوا تو اُس کے سنگین نتائج بر آمد ہونگے''۔
سابق وزیر اعلیٰ نے مرکزی سرکار سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملک کی اہلیہ اور اُس کی بیٹی کو ملک سے ملنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔
پاکستان میں مقیم مشعال مالک نے گذشتہ روز بھارت آکر اپنے شوہر سے ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔
ملک کے گھروالوں کے مطابق وہ نئی دلی کے اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں اُنہیں تہار جیل میں بھوک ہڑتال کے دوران صحت کی حالت بگڑنے کے بعد داخل کرایا گیا ۔