عظمیٰ نیوز سروس
شوپیان +اونتی پورہ//جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی ضلع شوپیان اور اونتی پورہ پلوامہ میں کئی علیحدگی پسند کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ یہ کارروائی ایف آئی آر نمبر 9/ 2024کے تحت یو اے پی اے (UAPA) کی دفعات 10 اور 13 کے تحت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلاشی سابق حریت (گ)کے رکن محمد امین پرے ولد غلام نبی ساکن کمدلن شوپیان کے گھر میں کی گئی۔ادھر اونتی پورہ پولیس نے پیر کو کالعدم تنظیموں تحریک حریت، جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی(جے کے ڈی ایف پی) اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے ارکان سے منسلک متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔یہ چھاپے ملی ٹینسی سے متعلق مقدمات میں ان کے مبینہ ملوث ہونے کے سلسلے میں مارے گئے تھے۔پولیس کے مطابق چھاپے متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹس کی موجودگی میں مارے گئے۔اس نے مزید کہا”پولیس اونتی پورہ پولیس ضلع میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے، اس کے علاوہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث شرپسندوں کے خلاف سخت/قانونی کارروائی کرنا ہے۔ اس طرح کے چھاپے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ پولیس ڈسٹرکٹ اونتی پورہ میں پرامن ماحول پیدا کرنے کے لئے گراس روٹ لیول سے دہشت گردی کا خاتمہ نہیں ہو جاتا،” ۔