مودی کے ترقی یافتہ، پرامن اور مربوط ہندوستان کے خواب کی فتح:امت شاہ
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی ختم ہو کر تاریخ بن گئی ہے ۔ شاہ نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا، “کشمیر میں علیحدگی پسندی تاریخ بن چکی ہے۔ مودی حکومت کی انضمام کی پالیسیوں نے جموں اور کشمیر میں علیحدگی پسندی کو ختم کر دیا ہے۔ حریت سے وابستہ دو تنظیموںجموں و کشمیر پیپلز موومنٹ اور ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ نے علیحدگی پسندی سے تمام تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میں ہندوستان کے اتحاد کو مضبوط کرنے کی سمت میں اس قدم کا خیرمقدم کرتا ہوں اور ایسے تمام گروپوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور علیحدگی پسندی کو ہمیشہ کے لئے ختم کردیں، یہ نریندر مودی کے ترقی یافتہ، پرامن اور مربوط ہندوستان کے خواب کی بڑی جیت ہے‘‘۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ حریت کانفرنس کے سابق رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرپرسن شاہد سلیم نے خود کو اور اپنی تنظیم کو علیحدگی پسند نظریہ سے دور کرتے ہوئے ہندوستان اور آئین سے وفاداری کا عہد کیا ہے۔انہوں نے یہاں مقامی پریس کو لکھے ایک بیان میں کہا “میں ہندوستان کا ایک وفادار شہری ہوں اور میری تنظیم اور میں ہندوستان کے آئین کے ساتھ وفاداری کا مرہون منت ہوں‘‘ ۔سلیم نے کہا کہ انہیں اور ان کی تنظیم کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظریے سے کوئی ہمدردی نہیں ہے جو “جموں و کشمیر کے لوگوں کی جائز امنگوں اور شکایات کو دور کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے”۔سلیم نے کہا “میں ہندوستان کا ایک وفادار شہری ہوں، میری تنظیم اور میں کسی ایسی تنظیم یا انجمن سے وابستہ نہیں ہوں جس کا ایجنڈا براہ راست یا بالواسطہ طور پر ہندوستان اور اس کے مفادات کے خلاف ہو” ۔اس سے قبل پیر کو حریت کانفرنس کی اکائی ڈیمو کریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے سربراہ ایڈ وکیٹ محمد شفیع ریشی نے بھی اسی طرح کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا’’ حریت نظریہ جموں و کشمیر کے عوام کی جائز امنگوں اور شکایات کو حل کرنے میں ناکام رہا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ انہیں کسی علیحدگی پساند جماعت سے جوڑنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے بھارت کیساتھ اپنی وفاداری کا اعادہ کرتے ہوئے خود کو ایک باقاعدہ شہری قرار دیا جو بھارت کی آئین کی بالا دستی پر مکمل یقین رکھتا ہے۔