ریاستی درجہ بحالی لازمی،یوٹی میں کئی مسائل حل نہیں کئے جاسکتے
سرینگر// وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعرات کو کہا کہ وادی میں لوگوں کو شدید سردی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے لیکن حکومت 100 فیصد میٹرنگ حاصل کرنے کے بعد ہی بلاتعطل بجلی فراہم کر سکے گی۔انہوں نے کہا “جہاں تک موسم سرما کی تیاریوں کا تعلق ہے، فی الوقت شدید سردی پڑرہی ہے، اور خشکی کا موسم ہے۔ میں خدا سے برف باری کی دعا کرتا ہوں تاکہ یہ خشکی ختم ہو‘‘۔عبداللہ نے نامہ نگاروں کو بتایا”ہماری کوشش ہے کہ بجلی کی کٹوتی کو کم سے کم کیا جائے، اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ یہاں کم درجہ حرارت کی وجہ سے پائپ منجمد ہو جاگئیں ہیں، مشکلات کے باوجود، ہماری کوشش ہے کہ حکومت آسانی سے کام کرے،” ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بجلی کی غیر شیڈول کٹوتی کی شکایات جاری رہیں گی “کیونکہ سسٹم پر دبا ئوہے”۔انہوں نے کہا”مسئلہ یہ ہے کہ کچھ لوگوں کے پاس چار بلبوں کا معاہدہ ہے، لیکن وہ اس کے بجائے چار ہیٹر استعمال کرتے ہیں، اس سے نمٹنے کا میٹر بہترین طریقہ ہے، ہمارے پاس جتنا زیادہ میٹرنگ ہوگا، بجلی کی کٹوتی اتنی ہی کم ہوگی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا”مجھے امید ہے کہ ہم جموں و کشمیر کو 100 فیصد میٹرنگ پر لے جائیں گے تاکہ ہم 24 گھنٹے بجلی فراہم کر سکیں۔ انشا اللہ ہم اسے بہت جلد حاصل کر لیں گے‘‘۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے اور ان کے مطالبات اور مشکلات کو حل کرنے کی کوششیں کر رہی ہے، یہاں تک کہ ریاست کی بحالی تک کچھ مسائل برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا”کئی مسائل ایسے ہیں جن کو تیزی سے حل نہیں کیا جا سکتا، ایسے مسائل ہیں جن کو UT کے تحت نہیں نمٹا جا سکتا اور ان کے لیے ہمیں اپنی ریاست واپس لانی ہوگی۔ لیکن، کوشش کی جا رہی ہے کہ کم از کم ان کے مسائل سنیں اور انہیں یقین دلائیں کہ یہ ان کی اپنی منتخب حکومت ہے اور ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے جسے ہم نہ سنیں‘‘۔سیاحت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں عبداللہ نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کو سال بھر کے سیاحتی مقام کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا”ہمیں امید ہے کہ لوگ آئیں گے اور اس کے لیے ہمیں سونمرگ، گلمرگ، پہلگام جیسی جگہوں پر برف باری کی ضرورت ہے۔ جب برف باری ہوگی تو مزید سیاح آئیں گے‘‘۔ انہوں نے کہاکہ ایک دن پہلے یہاں دو ہسپتالوں کے اچانک دورے کے موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں سہولیات بہتر ہونے کے باوجود رات کے وقت عملہ کی غیر حاضری کی کچھ شکایات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں میں صورتحال بہتر ہے لیکن مریضوں کی طرف سے شکایات ہیں کہ دن میں سب کچھ ٹھیک ہے لیکن رات کو کوئی نظر نہیں آتا، میں نے دن میں ایک سرپرائز وزٹ کیا، کسی دن رات میں اچانک دورہ کروں گا۔